وفاقی حکومت کوسندھ میں کام نہیں کرنے دیا جاتا اسد عمر

مراد علی شاہ کراچی کو اپنا نہیں سمجھتے، بلدیاتی نمائندے صوبے کے رحم کرم پر نہیں ہونے چاہیئں، وفاقی وزیر


Staff Reporter January 31, 2021
سندھ میں مقامی حکومت کا نظام آئین پاکستان کی روح پر پورا نہیں اترتا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی(فوٹو ، فائل)

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نےدعویٰ کیا ہے کہ وفاق کو سندھ میں کام نہیں کرنے دیا جاتا اور سندھ میں مقامی حکومت کا نظام آئین پاکستان کی روح پر پورا نہیں اترتا اس لیے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کراچی کو اپنا نہیں سمجھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی کے ضلع کورنگی شاہ فیصل کالونی میں این اے 239اور صوبائی حلقہ پی ایس 88 کے مرکزی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسد عمرنے کہا کہ سندھ میں مقامی حکومت کا نظام آئین پاکستان کی روح پر پورا نہیں اترتا، دراصل وزیراعلیٰ سندھ کراچی کو اپنا نہیں سمجھتے ہیں۔پی ٹی آئی حکومت تو کراچی میں کام جاری رکھے گی کیوں کہ ہم کراچی کو اپنا سمجھتے ہیں اور سندھ حکومت ہی اسے اپنا نہیں سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے تو وفاق سے مدد مانگتے ہیں، سندھ میں وفاق کام کرنے کی کوشش کرتا ہے تو روڑے اٹکائے جاتے ہیں،مقامی حکومت کے پاس سارے اختیارات ہونے چاہئیں مگر کراچی میں ایسا نہیں ہے، وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء ہامی بھرتے ہیں لیکن اختیارات نہیں دیتے۔ بلدیاتی نمائندے صوبائی حکومت کے رحم کرم پر نہیں ہونے چاہیئں۔ اسٹیل مل کو سب جانتے ہیں کس نے اس کو اس حال پر پہنچایا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بلدیاتی اختیارات سے متعلق تحریک انصاف اور اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کررکھی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ کراچی کو درپیش مسائل اور انکے حل کے حوالے سے تجاویز پیش اور وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے مسائل کے حل کے لئے کوشش کی جارہی ہے باہمی لڑائی جھگڑوں کے حوالے سے ہونے والے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھتہ خوری کا نظام قائم کرنے والوں نے ملک کو برباد کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پینے کا پانی دستیاب نہیں ہے ٹرانسپورٹ کا کوئی انتظام نہیں ،لاہور سے دگنی آبادی والے شہر کراچی میں کوئی سہولت نہیں ہے،بنیادی سہولیات سے محروم کراچی کے ذمہ دار زرداری لیگ ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں