جمہوریت کی دعوے دار مودی حکومت مخالف کسانوں کو دھمکیاں دینے لگی

لال قلعہ پر حملے اور جھنڈے لہرانے والے ناقابل معافی جرم کے مرتکب ہوئے ہیں، بھارتی وزیراعظم


ویب ڈیسک January 31, 2021
بھارت کے یوم جمہوریہ پر مظاہرین نے لال قلعہ پر سکھوں کے جھنڈے لہرا دیئے تھے، فوٹو : فائل

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ احتجاج کے دوران لال قلعے پر حملے اور جھنڈے لہرانے والوں نے ملک اور پرچم کی بے حرمتی کی جو کہ ناقابل معافی جرم ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریڈیو پر نشر ہونے والے آڈیو پیغام میں وزیراعظم نریندر مودی نے 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کے موقع پر کسانوں کی ٹریکٹر ریلی کے دارالحکومت میں داخل ہونے اور مظاہرین کے لال قلعے پر دھاوا بولنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیراعظم مودی نے واقعے کے 4 دن بعد اپنی خاموشی کو توڑتے ہوئے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ مظاہرین نے بھارتی پرچم کی بے حرمتی کی ہے جس سے دنیا بھر میں ملک کی بدنامی ہوئی ہے۔

بھارتی وزیراعظم نے اپنے روایتی جارحانہ اور آمرانہ انداز خطابت میں کسان مظاہرین کو سخت کارروائی کے لیے تیار رہنے کا کہتے ہوئے کہا کہ پرچم اور ملک کی بے عزتی کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔

یہ خبر پڑھیں : بھارتی یوم جمہوریہ پر کسانوں کا لال قلعے پر دھاوا، جھنڈا لہرا دیا

وزیراعظم مودی نے کسان مظاہرین تو درکنار سپریم کورٹ کے فیصلے کو بھی یکسر نظر انداز کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنی زرعی پالیسی کی خود ساختہ تعریفوں کے پُل باندھ دیئے اور اپنی متنازع پالیسی کا ہرممکن دفاع کرنے کی ناکام کی کوشش کی۔

واضح رہے کہ مودی سرکار کی کسان دشمن زرعی پالیسی کے خلاف ہزاروں کسان دارالحکومت کی سرحدوں پر تین ماہ سے احتجاجاً بیٹھے تھے تاہم سنوائی نہ ہونے پر وہ یوم جمہوریہ کے دن نئی دہلی میں داخل ہوگئے اور انہوں نے لال قلعہ پر اپنے جھنڈے لہرا دیئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں