غیر ملکی باشندوں کے خلاف جاری مہم دم توڑ گئی پولیس اور رینجرز نے83ملزم پکڑ لیے

پولیس نے19مفرورواشتہاری،2 ڈکیت،25اسلحہ بردار،2 منشیات فروش گرفتار کرلیے، جوئے اور منشیات کے اڈوں کیخلاف کارروائی بند


Staff Reporter January 03, 2014
پولیس نے شہر بھر میں جوئے سٹے اور منشیات کے اڈوں کے خاتمے کو بھی پس پشت ڈال دیا ہے۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

پولیس اور رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیوں میں83 ملزمان کو گرفتار اور حراست میں لے کر ان کے قبضے سے مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی زیادہ سے زیادہ ملزمان کی گرفتاریاں ظاہر کرنے کا سلسلہ برقرار رکھا تاہم بنگالی اور دیگر غیر ملکی باشندوں کے خلاف2013 میں شروع کی جانے والی مہم دم توڑ چکی ہے اس مہم کے دوران گرفتار کیے گئے افراد عدالتوں سے رہا ہوگئے جبکہ سیکیورٹی اداروں نے بھی اس مہم کی کامیابی کے لیے دلچسپی ظاہر نہیں کی، پولیس نے شہر بھر میں جوئے سٹے اور منشیات کے اڈوں کے خاتمے کو بھی پس پشت ڈال دیا ہے۔



سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق وسطی، غربی، جنوبی زونز اور سی آئی اے پولیس نے جرائم کی روک تھام کے ضمن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران57 چھاپہ مار کارروائیوں اور 5 پولیس مقابلوں میں19مفرور اور اشتہاری ، 2 ڈکیت ، 25 اسلحہ بردار، 2 منشیات فروشوں کے علاوہ دیگر جرائم میں ملوث3 ملزمان سمیت مجموعی طور پر57 ملزمان کی گرفتاری ظاہر کرتے ہوئے ان کے قبضے سے28 پستول ، ایک ریوالور ، ایک رپیٹر اور منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، رینجرز ترجمان کے مطابق رینجرز کی مختلف ٹیموں نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سعودآباد ایچ ایریا ، گلشن معمار ، وائرلیس گیٹ ، نارتھ ناظم آباد بلاک این ، صالح محمد گوٹھ ، پرانا گولیمار ، چنیسر گوٹھ ، کورنگی ڈھائی نمبر ، رفاع عام سوسائٹی ، ملیر کھوکھراپار ، لیاری ، فشری ، اور ریلوے کالونی میں جبکہ اسنیپ چیکنگ کے دوران کلفٹن سی ویو ، حب ریور روڈ، گرین ٹاؤن اور جام کنڈا گوٹھ سے26 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے کر ملزمان کے قبضے سے سب مشین گنز سمیت دیگر اقسام کے ہتھیار برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں