دبئی میں نشہ آور پودا گھر میں اگانے پر سعودی گلوکار کو قید کی سزا

سزا مکمل کرنے کے بعد سعودی گلوکار اور ان کے ساتھیوں کو ملک بدر کردیا جائے گا

سعودی ریپر کے گھر سے القبنب پودے، منشیات اور پودے کو حشیش میں تبدیل کرنے والا آلہ برآمد ہوا تھا، فوٹو : ٹوئٹر

متحدہ عرب امارات میں سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے معروف ریپر گلوکار کو تین ساتھیوں سمیت 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق دبئی کی ایک عدالت نے سعودی گلوکار کو اپنے گھر میں القنب نامی پودا اگانے کے الزام میں 6 ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے حکم دیا ہے کہ سزا مکمل کرنے کے بعد گلوکار کو ملک بدر کردیا جائے۔


عدالت میں پولیس نے گلوکار کے گھر سے برآمد ہونے والے القنب کے تین پودے، منشیات اور پودے کو حشیش میں تبدیل کرنے والا آلہ پیش کیا۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ گلوکار نے 18 سالہ لڑکی کو بھی نشے کی عادی بنا کر اپنے پاس رکھا ہوا تھا۔

پولیس نے عدالت میں گلوکار کے ساتھ گرفتار کیے گئے ایک لڑکے اور دولڑکیوں کو بھی پیش کیا۔ یہ لوگ دبئی کے معروف رہائشی علاقے کے پُرتعیش مال میں رہائش پذیر تھے۔ پولیس نے سزا پانے والوں کے نام ظاہر نہیں کیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ معروف گلو کار کی گرفتاری کا میں عینی شاہد ہوں۔ سزا پانے والے نوجوان گلوکار کوئی اور نہیں معروف سعودی ریپر سنگر ڈائیلر ہے۔
Load Next Story