مشرف کی حالت میں بہتری 7رکنی میڈیکل بورڈتشکیل

رفقا کا میڈیکل رپورٹس لندن بھیجنے کا فیصلہ، رائے آنے پر باہر بھیجنے کا فیصلہ ہوگا، ذرائع


Agencies/Monitoring Desk January 03, 2014
سابق صدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور عدالتی استثنیٰ کے حوالے ان کی قانونی ٹیم نئی درخواستیں دائر کرنے پر غورکر رہی ہے۔ذرائع۔ فوٹو: فائل

سابق فوجی آمر پرویز مشرف کے علاج کیلیے میجر جنرل ریٹائرڈ اظہر کیانی کی سربراہی میں7رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر اظہرکو خصوصی طور پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے بلوایاگیا ہے، ذرائع کے مطابق پرویزمشرف کواے ایف آئی سی میں کم ازکم مزید دودن رکھا جائے گا۔ بی بی سی اردو کے مطابق اسپتال ذرائع نے بتایا کہ اب سابق فوجی صدر کی طبعیت بہتر ہے۔ ایکسپریس نیوزکے مطابق کلینکل ٹیسٹ درست ہیں، اب لیب ٹیسٹ جاری ہیں، مکمل ہونے پراسپتال سے فارغ کرنے کا فیصلہ کل ہفتہ کوکیاجائے گا۔ آئی این پی کے مطابق پرویز مشرف کیلئے وی وی آئی پی روم تیار کرلیا گیا، کمرے میں اے ایف آئی سی کے کمانڈنٹ اور ڈپٹی کمانڈنٹ کے علاوہ کسی کو جانے کی اجازت نہیں، ہسپتال کی سیکیورٹی کیلیے فوج کے61افسروں اور جوانوں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔



آن لائن کے مطابق سابق فوجی آمر کے رفقاء نے انکے علاج کیلیے برطانوی ڈاکٹروں سے رابطہ کیا ہے،میڈیکل رپورٹس آج لندن بھیجی جائیں گی جس کے بعد انہیں بیرون ملک علاج کے لیے منتقل کیے جانے کا فیصلہ کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق سابق صدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور عدالتی استثنیٰ کے حوالے ان کی قانونی ٹیم نئی درخواستیں دائر کرنے پر غورکر رہی ہے۔ ایک اور ذریعے نے دعویٰ کیا کہ مشرف گز شتہ شب سے ہی دل میں تکلیف محسوس کررہے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔