مشرف کالونی 900 رفاہی پلاٹ چائنا کٹنگ کر کے بیچنے کا انکشاف

میدان،اسکول،اسپتال کے پلاٹس قبضہ کرکے بیچے گئے،چائناکٹنگ میں لیاری ایکسپریس ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ کے حکام ملوث ہیں

900رفاہی پلاٹوں کی قیمت اربوں روپے بنتی ہے،درخواست گزار،صوبائی حکومت،ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ اوراداروں کو نوٹس جاری فوٹو:فائل

مشرف کالونی میں بڑے پیمانے پر رفاہی پلاٹوں کی چائنا کٹنگ کا انکشاف ہوگیا۔

سندھ ہائی کورٹ نے 900 رفاہی پلاٹوں پر چائنا کٹنگ کرنے کے خلاف درخواست پر سندھ حکومت ، لیاری ایکسپریس ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ اور اداروں کے حکام کو نوٹس جاری کردیے، ہائی کورٹ میں 900 رفاہی پلاٹوں پر چائنا کٹنگ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔


درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مشرف کالونی میں کوئی رفاہی پلاٹ نہیں چھوڑا گیا، کھیل کے میدانوں، اسکولوں، اسپتالوں کے پلاٹس چائنا کٹنگ کرکے بیچ دیے گئے، چائنا کٹنگ میں لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ کے حکام ملوث ہیں، 900 رفاہی پلاٹوں کی قیمت اربوں روپے بنتی ہے، رفاہی پلاٹوں پر قبضوں سے کھیل اور تفریحی سرگرمیاں ختم ہوگئیں، تمام رفاہی پلاٹوں پر سے غیرقانونی قبضوں کو فوری ختم کرایا جائے۔

عدالت نے صوبائی حکومت، لیاری ایکسپریس ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ اور اداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
Load Next Story