مشرف ملک چھوڑ کر بھاگنے والے نہیںاحمدرضاقصوری

مقدمے کے حوالے سے تحفظات ہیں،خالد رانجھا،جس نے آئین توڑا وہ غدار ہے،طلال چوہدری

حکومت کی طرف سے پیغامات آرہے ہیں کہ پرویزمشرف کو عزت کے ساتھ لندن یا دبئی بھیج دیا جائے.وکیل مشرف فوٹو؛فائل

سابق صدر پرویزمشرف کے وکیل احمد رضاقصوری نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے پیغامات آرہے ہیں کہ پرویزمشرف کو عزت کے ساتھ لندن یا دبئی بھیج دیا جائے لیکن پرویزمشرف ملک چھوڑ کر بھاگنے والوں میں سے نہیں ۔

ایکسپریس نیو زکے پروگرام بات سے بات میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقارخان سے گفتگو میں کہا کہ پرویزمشرف حکومت کیلیے مسئلہ بن چکے ہیں حکومت ان کو نگل سکتی ہے اور نہ ہی اگل سکتی ہے، پرویز مشرف ادھر ہی رہیں گے وہ کہیں بھی نہیں جائیں گے۔ پرویزمشرف کے کیس پر بات کرنے سے زیادہ اہم ایشوز مہنگائی غربت بیروزگاری ہیں ۔بلاول بھٹو بچہ ہے جس کے دودھ کے دانت ہیں اس کی بات کا جواب دینا ضروری نہیں، سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل خالد رانجھا نے کہا کہ عدالت نے پرویزمشرف کو حاضری کے حوالے سے ریلیف دیا لیکن ہمارے تحفظات اپنی جگہ پر ہیں کیونکہ ججز کے انتخابات کے لئے آئینی طریقہ استعمال نہیں کیا گیا۔جو لوگ کیس کیلیے منتخب کیے گئے وہ ''ٹک'' لگے لوگ ہیں جن کے بارے میں یہ تاثر ہے کہ ان کو جو کہا جائیگا مان لیں گے۔




پرویزمشرف نے ابھی کچھ بھی تسلیم نہیں کیا ابھی تو استغاثہ بھی شروع نہیں ہوا ابھی تو صرف طلبی کا حکم ملا ہے،پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما محمد طلال چوہدری نے کہا کہ پرویزمشرف سچے بہادر ہیںیا جھوٹے یہ تو اللہ ہی جانتا ہے لیکن گذشتہ روز ان کی بہادری کا راز کھل گیا ہے حکومت نے ان کو عدالت میں پیشی کے لیے پوری سیکیورٹی دی ۔ہم ان کو عدالت میں ان کے دفاع کا پورا موقع دے رہے ہیں ۔مشرف کے تمام وکلا اس بات پر متفق ہیں کہ ہمارا کلائنٹ ملزم نہیں مجرم ہے وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ باقی لوگوں کو بھی سزا ملنی چاہیے ۔ہماری کسی کے ساتھ کوئی ملاقات ہوئی اور نہ ہم مشرف کے گروپ کے کسی بھی شخص کو ملنا چاہتے ہیں۔وردی والا اس وقت تک قابل احترام ہے جب تک وہ اپنے دائرہ کار میں رہے جس نے آئین توڑا وہ غدار ہے۔

سعودی شہزادے کے آنے کا پروگرام امریکا میں وزیراعظم سے ملاقات کے وقت کا تھا ۔پرویزمشرف خوش فہمی میں پاکستان آیا اب وہ عدالت کے رحم وکرم پر ہے۔ہم پر کوئی اندرونی یا بیرونی پریشر نہیں کہ ان کو ملک سے باہر بھیج دیا جائے ،تجزیہ کار حسن نثار نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کا ایک چیک ہے چاہے یہ کسی کو پسند آئے یا نہ آئے اگر فوج نہ ہوتو سیاسی مافیا پاکستان کو لوٹ کر بیچ دیں یہ کروڑوں روپے کی دیہاڑیاں لگانے والے لوگ ہیں۔اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ مشرف کے لیے پھانسی کا پھندہ تیار کررہا ہے تو یہ اسکی بھول ہے یہ پھانسی کا پھندہ خود اسی کے لیے ہوگا۔اگر انھوں نے مقدمہ چلانا ہے تو چلائیں ان کے پیٹ میں مروڑکیوں اٹھتے ہیں ہر اس شخص کو شامل کریں جس نے مشرف کے فیصلے کی حمایت کی۔ فوج کا مورال چھوڑیں عوام کا مورال دیکھیں اگر آرمی چیف کو غدارکہا جائیگا تو پھر اس ملک میں محب وطن کون ہے ۔ میں یہ سب کچھ بہت جلد وائنڈ اپ ہوتا دیکھ رہا ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ پرویزمشرف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، لنگڑی لولی جمہوریت نے پچھلے پانچ سال میں عوام کا بیڑہ غرق کردیا اب گاڑی پہلے سے بھی تیز چل رہی ہے۔
Load Next Story