آئین شکن کو سیکیورٹی دی جا رہی ہے حفاظت کرنے والے کو نہیں اسلام آباد ہائیکورٹ

جسٹس افتخارکوسیکیورٹی دینے کی درخواست پرسیکریٹری کابینہ،آئی جی طلب،اضافی سیکیورٹی کیخلاف بھی پٹیشن دائر

جسٹس شوکت عزیزصدیقی نے سماعت کی، چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی کیلیے حکومت سے 6 جنوری تک رپورٹ طلب فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو سیکیورٹی دینے کی درخواست پر سیکریٹری کابینہ اورآئی جی اسلام آباد سے آج (جمعے کو) جواب طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک اوردرخواست بھی دائرکی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین میں سب برابر ہیں، سابق چیف جسٹس صاحبان کے ساتھ جو سیکیورٹی ہے افتخار محمد چوہدری کو بھی صرف وہی سیکیورٹی دی جائے۔ سابق چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کو سیکیورٹی دینے کی درخواست پرسماعت کرتے ہوئے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ آئین توڑنے والے کوتوسیکیورٹی دی جا رہی ہے، آئین کی حفاظت کرنے والے کو نہیں۔ جسٹس ریٹائرڈ افتخار محمد چوہدری کی سیکیورٹی بڑھانے کے خلاف درخواست پروفیسر وحیدکمال نے دائرکی ہے ۔




انھوں نے موقف اختیارکیاکہ اگر یہ مثال قائم ہوگئی تو باقی ججوں پر اثر ہوگا اور قومی خزانے پربوجھ پڑے گا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے مستقل چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی سے متعلق درخواست پر حکومت سے6جنوری کو رپورٹ طلب کر لی ۔عدالت نے کہا کہ بتایاجائے چیئرمین کی تقرری کب تک مکمل کر لی جائے گی،عدالت نے یہ معاملہ فوری طور پر مجاز اتھارٹی وزیر اعظم کے علم میں لانے کا بھی حکم دیا۔ اسٹینڈنگ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی وزارت تعلیم نے چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی کے حوالے سے سمری وزیر اعظم کو بھیج دی ہے۔
Load Next Story