چمچماتی ٹرافی پر قبضے کیلیے دو دھاری تلوار تیار

راولپنڈی ٹیسٹ آج شروع ہوگا،پروٹیز بیٹنگ کو قابو کرنے کیلیے فاسٹ کے ساتھ اسپن ہتھیار بھی موجود


Sports Reporter February 04, 2021
بابر اعظم اور فواد عالم امیدوں کا مرکز،مکمل فٹ ایلگر جنوبی افریقی ٹیم کو دستیاب،تبریز شمسی کی فٹنس کا جائزہ میچ سے قبل لیا جائے گا۔ فوٹو: پی سی بی

چمچماتی ٹرافی پر قبضے کیلیے پاکستان نے دو دھاری تلوار تیارکرلی جب کہ راولپنڈی ٹیسٹ جمعرات کوشروع ہوگا۔

کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹاپ آرڈر بیٹنگ ناکام رہی،اسکے باوجود ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے پروٹیز پر برتری حاصل کرلی، پھر اسپن کا جال بچھاتے ہوئے 7 وکٹ سے فتح بھی حاصل کی،دوسرا معرکہ جمعرات سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

گرین کیپس کی نگاہیں کلین سوئپ پر مرکوز ہیں، مہمان سیریز برابر کرکے وطن واپس جانا چاہیں گے،گذشتہ 6 سال میں مسلسل 8ٹیسٹ ہارنے والی جنوبی افریقی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ کم ازکم اس بار ناکامیوں کا سلسلہ ختم ہو۔

روایتی طور پر پیسرز کیلیے سازگار سمجھی جانے والی پچ سے گھاس اڑا دی گئی مگر اس کے باوجود ابتدا میں نئی گیند سے 1،2 اچھے اسپیل کسی بھی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں لا سکتے ہیں،موسم بھی کراچی سے مختلف اور فاسٹ بولرز کو اچھی کارکردگی دکھانے کی تحریک دلائے گا۔

پاکستان فاتح الیون کو ہی پھر میدان میں اتارنے کا ارادہ رکھتا ہے، البتہ حتمی فیصلہ میچ سے قبل کی کنڈیشنز کو دیکھ کر کیا جائے گا،شاہین شاہ آفریدی نے اس میدان پر گذشتہ ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، پیسر ایک بار پھر پروٹیز کا اعتماد متزلزل کرنے کی کوشش کریں گے،میزبان ٹیم کیلیے سب سے بڑی پریشانی اوپنرز کی کارکردگی ہے۔

کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 5اور دوسری میں 22کا آغاز فراہم کرنے والے عابد علی اور عمران بٹ دباؤ میں ہوں گے، اظہر علی کا بیٹ چلنا شروع ہوگیا ہے،انجری کے بعد کم بیک کرنے والے بابر اعظم کراچی ٹیسٹ میں بڑی اننگز نہیں کھیل پائے تھے۔

راولپنڈی ان کا پسندیدہ گراؤنڈ ہے جہاں انھوں نے آخری ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنائی ہیں،فواد عالم مشکل وقت میں بڑی اننگز کھیل کر اپنی افادیت ثابت کرچکے، محمد رضوان بھی اچھی فارم میں ہیں،خوش آئند بات یہ ہے کہ آل راؤنڈر فہیم اشرف کے ساتھ ٹیل اینڈرز بھی بڑے اسکور میں حصہ ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کی پچ کراچی سے مختلف نظر نہیں آ رہی لیکن موسم میں خاصا فرق ہے، یہاں 4پیسرز کو کھلانے کا ضرورت نہیں،بہرحال حتمی فیصلہ جمعرات کو کنڈیشنز اور موسم دیکھ کر کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ میں فتح سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہو گیا،راولپنڈی میں بھی اچھی ٹریننگ کرلی،البتہ ہم پروٹیز کو آسان حریف سمجھنے کی غلطی نہیں کرسکے، مہمان ٹیم کم بیک کرنے کی پوری کوشش کرے گی،ہم اس چیلنج کیلیے تیار ہیں۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کیلیے اچھی خبر یہ ہے کہ اوپنر ڈین ایلگر مکمل طور پر فٹ اور سلیکشن کیلیے دستیاب ہیں، ایڈن مارکرم بھی زبردست مزاحمت کرسکتے ہیں، فاف ڈوپلیسی اورکپتان کوائنٹن ڈی کک ایشیائی کنڈیشنز میں بھی بہتر کارکردگی کی صلاحیت رکھتے ہیں،کیشو مہاراج نے کراچی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بابر اعظم کو آؤٹ کیا تھا، شاید اسی وجہ سے ان کو جارج لائنڈ پر ترجیح دی جائے گی۔

کراچی ٹیسٹ سے قبل انجرڈ ہونے والے تبریز شمسی نے اچھی نیٹ پریکٹس کی ہے،جمعرات کو فٹنس کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد انھیں میچ کھلانے کا فیصلہ کیا گیا تو لونگی نگیڈی کو باہر بیٹھنا پڑے گا،کاگیسو ربادا اور اینرچ نورجی پاکستانی بیٹنگ کیلیے چیلنج ثابت ہوسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں