ٹی 10 لیگ پھر فکسنگ تنازع کی لپیٹ میں آگئی

مشکوک افراد سے روابط کے الزام پرمراٹھا عربیئنزکا1 بھارتی کھلاڑی معطل


Saleem Khaliq February 04, 2021
ایونٹ میں کئی پاکستانی کرکٹرزبھی شریک،پی سی بی کی صورتحال پرنظر (فوٹو: فائل)

ابوظبی ٹی 10 لیگ ایک بار پھر فکسنگ تنازع کی لپیٹ میں آگئی جب کہ مشکوک افراد سے روابط کے الزام پر مراٹھا عربیئنز کے ایک بھارتی کھلاڑی کو معطل کر دیا گیا۔

ٹی 10لیگ ان دنوں ابوظبی میں کھیلی جا رہی ہے،ماضی میں کئی بار ایونٹ میں فکسنگ تنازعات سامنے آ چکے، اب ایک نیا واقعہ سامنے آیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ مراٹھا عربیئنز کے وکٹ کیپر بیٹسمین سینڈی سنگھ کو مشکوک افراد سے روابط کے الزام پر معطل کرکے بائیو ببل سے باہر بھیج دیا گیا، انھوں نے ایونٹ کے کسی میچ میں بھی حصہ نہیں لیا مگر اینٹی کرپشن یونٹ کو بعض معاملات پر شکوک تھے جس کی وجہ سے ان کیخلاف ایکشن لیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ابوظبی آمد کے بعد سینڈی نے قرنطینہ مکمل کیا اور پھر اینٹی کرپشن یونٹ کے لیکچر میں بھی شریک ہوئے، وہاں مشکوک افراد کی تصاویر دکھاتے ہوئے ان سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی تھی، بعد میں پتا چلا کہ ان میں سے ایک شخص کے ساتھ سینڈی کا رابطہ رہا ہے اور ان کی بیٹ اسپانسر شپ بھی اسی نے کی تھی، مگر پہلے انھوں نے اینٹی کرپشن آفیشلز کو اس حوالے سے کوئی آگاہی نہیں دی تھی، اس لیے ان کیخلاف ایکشن لیا گیا۔

یاد رہے کہ ایونٹ میں کئی پاکستانی کرکٹرز بھی شرکت کررہے ہیں، حالیہ واقعے سے پی سی بی بھی واقف اور معاملات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

مراٹھا عربیئنز کی ٹیم پلے آف کی دوڑسے پہلے سے باہر ہو چکی اور جمعرات کو دکن گلیڈی ایٹرز سے اپنا آخری میچ کھیلے گی، معاملے پر موقف لینے کے لیے جب ابوظبی میں ٹی 10 لیگ کے آفیشلز سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کچھ دیربعد تحریری جواب دینے کا کہا جو رات گئے تک موصول نہیں ہوا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔