کسانوں کے معاملے پر کنگنا کو ٹوئٹرپر علی گل سے منہ کی کھانی پڑ گئی

علی گل پیر نے طنزیہ لہجے میں ٹوئٹر پر جواب دیتے ہوئے وہ تمام باتیں کہیں جو کنگنا میں موجود ہیں

بھارتی کسانوں کے حق میں کیے گئے امریکی گلوکارہ ریانہ کے ٹوئٹ نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو پاگل کردیا ہے فوٹوفائل

بھارتی کسانوں کے حق میں کیے گئے امریکی گلوکارہ ریانا کے ٹوئٹ نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو پاگل کردیا ہے یہاں تک کہ وہ پاکستانی گلوکار علی گل پیر سے بھی الجھ پڑیں لیکن علی گل پیر نے کنگنا کو خاموش کرادیا۔

کنگنا رناوت نے ایک بھارتی نژاد کنیڈین سردار سیاستدان اور وکیل جگمیت سنگھ کی ایک مختصر ویڈیو کلپ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرائی اور جگمیت سنگھ کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دہشت گرد پورن گلوکارہ (فحش گلوکارہ) ریانا کا دوست ہے۔ اس پر دہشت گردوں کی سرگرمیوں کی مالی معاونت کرنے کا الزام ہے۔ اس کے ذہن میں خالصتان ہے۔ ایک فحش گلوکارہ اسے فالو کرتی ہے جو اس کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی گلوکارہ ریانا پر پاکستانی ایجنٹ ہونے کا الزام

علی گل پیر نے کنگنا رناوت کے اس ٹوئٹ پر جوابی ٹوئٹ کیا فحش گلوکارہ؟ کیا یہ صرف فحش فلموں کے لیے میوزک بناتی ہے۔ کیا یہ نارمل فلموں میں گانا گانے سے انکار کردے گی؟ مہربانی کرکے اپنی بات کی مزید وضاحت کریں۔ میں متجسس ہوں۔




کنگنا رناوت نے علی گل پیر کی بات کا جواب دیتے ہوئے اور اپنی بات کو مزید واضح کرتے ہوئے لکھا۔ ایک ایسی گلوکارہ جو اپنے جسم کی نمائش کے بغیر اپنا میوزک بیچ نہیں سکتی۔ ہاں ان کلاسیکل اور حقیقی گلوکاروں کے برعکس جہاں جسم کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔



علی گل پیر نے کنگنا رناوت کو جواب دیتے ہوئے ان پر طنز کیا اور کہا اوہ اچھا میں سمجھ گیا۔ بالکل ان لوگوں کی طرح جن میں کوئی ٹیلنٹ نہیں ہوتا، جنہوں نے زیادہ کام نہیں کیا جوخبروں میں رہنے کے لیے تنازعات میں گھرے رہتے ہیں اور دوسروں کو نیچا دکھاتے ہیں۔ کنگنا آپ کا شکریہ کہ آپ نے فحش گلوکارہ کی اتنی اچھی وضاحت کی۔

علی گل پیر نے بلا واسطہ طور پر وہ سب باتیں بیان کی ہیں جو کنگنا رناوت میں موجود ہیں تاہم کنگنا کی جانب سے مزید کوئی ٹوئٹ نہیں کیا گیا۔

Load Next Story