یوم یکجہتی کشمیر ظلم سہتے بہادر کشمیریوں کو ہمارا سلام

بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگرکرنے کیلیے پاکستانی قوم آج ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ منارہی ہے

صدر ریلی کی قیادت، وزیراعظم کوٹلی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ فوٹو: ایکسپریس

کشمیر میں بھارتی بدترین مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کیلیے پاکستانی قوم آج '' یوم یکجہتی کشمیر '' بھرپور انداز میں منا رہی ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر حکومت پاکستان کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کوٹلی آزاد کشمیر میں یوم یکجہتی کشمیر کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اسلام آباد میں یکجہتی واک کی قیادت کریں گے۔


آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں واک کی قیادت وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان یا صدر سردار مسعود خان کریں گے، وزرائے اعلیٰ ودیگر اعلیٰ شخصیات گلگت بلتستان، صوبائی دارالحکومتوں لاہور، کراچی پشاور اور کوئٹہ میں بھی یکجہتی واک کی قیادت کریں گے۔

صبح 10 بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ٹریفک ایک منٹ کیلئے روکی گئی، سائرن بجائے گئے جب کہ کوہالہ پل پر منتخب نمائندوں نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں پاکستانی مشنز میں بھی اس دن کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، شہر، شہر نگر، نگر ریلیاں نکالی جائیں گی، سیمینار ہوں گے۔
Load Next Story