کشمیر کیلیے خون کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے ایکسپریس فورم

آج یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے، شہریار آفریدی

فورم میں شہریار آفریدی، رفیع اللہ خان، راجہ منصور خان، شیخ عبدالمتین شریک گفتگو ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کشمیر کا مستقبل روشن ، جلد کشمیر آزاد ہو جائے گا، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت، پارلیمان متفق ہیں کہ ہم نے ہر فورم اور میدان پر ہندوستان کو بے نقاب کرنا ہے اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا ہے۔

اب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کو انکا حق دلائیں گے،کشمیر کی آزادی کیلیے ہم خون کے آخری قطرہ تک بہانے کیلیے تیار ہیں،گلگت بلتستان کے عوام کسی ایسے حقوق کا مطالبہ نہیں کریں گے جس سے مسئلہ کشمیر متاثر ہو۔

ان خیالات کااظہار چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی شہریارآفریدی، گلگت بلتستان کے وزیر اطلاعات فتح اللہ خان ،تحریک انصاف آزاد کشمیر کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل راجا منصورخان،حریت کانفرنس کے رہنما و مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ عبدالمتین نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ''ایکسپریس فورم '' میں کیا۔


چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی شہریارآفریدی نے کہاوزیر اعظم عمراں خان کی قیادت میں اب عالمی سطح کے ہر فارم پر کشمیر کا مقدمہ لڑنا ہے،تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کے ایجنڈے کو بے نقاب کرنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے میں اپناحصہ ڈالے۔ عمراں خان اور موجودہ حکومت نے دنیا کے تمام فورمز پر مسلہ کشمیر بھرپور انداز امیں اٹھایا ہے۔

گلگت بلتستان کے وزیر اطلاعات فتح اللہ خان نے کہا گلگت بلتستان کے عوام نے از خود ڈوگرہ سے لڑکر آزادی حاصل کی اور غیر مشروط طور پر پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔

حریت رہنما شیخ عبدالمتین نے کہا مسئلہ کشمیر دنیا کا پیچیدہ ترین مسئلہ ہے، اس مسئلے کو حل کرنے کیلیے اس کی سنجیدگیوں کو سمجھنا بہت ضروری ہے، بھارت کشمیر پر اپنے ناجائز قبضہ کو جائز ثابت کرنے کیلئے نئی حکمت عملی پر کاربند ہے۔

تحریک انصاف آزاد کشمیر کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل راجا منصورخان نے کہا مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور اس کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جنگی بنیادوں پر عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔
Load Next Story