وزیراعظم عمران خان کی مسئلہ کشمیر پر مودی کو مذاکرات کی پیشکش

بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں اخلاص کا مظاہرہ کرے ہم دو قدم آگے بڑھنے کے لئے تیار ہیں، وزیراعظم


ویب ڈیسک February 05, 2021
پاکستان حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں سے یکجہتی میں غیر متزلزل رہے گا، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں اخلاص کا مظاہرہ کرے ہم دو قدم آگے بڑھنے کے لئے تیار ہیں، لیکن استحکام اور امن کی ہماری خواہش کو کمزوری کی علامت نہ سمجھا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے کوٹلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی بھارت کوتقسیم کرکےالیکشن توجیت جائیگامگرملک میں تباہی کی بنیادرکھ رہاہے، ہندوستان کے حالات دیکھیں،ملک تقسیم ہو چکا ہے، ہندوستان میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں ڈری ہوئی ہیں، آر ایس ایس کا جب بھی ایجنڈا سامنے آیا اپنے ہی ملک کو نقصان پہنچایا، مودی کو پیغام ہے آپ کی آئیڈیالوجی آپ کو الیکشن کو جتا دے گی لیکن ہندوستان کو تباہ کر دے گی، آج پھر پیغام دیتا ہوں پانچ اگست کے اقدام کو واپس کریں اور پھر ہم سے بات کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم آپ سے پھر سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں، یہ مت سمجھیں کمزوری کے عالم میں آپ سے دوستی کرنا چاہتے ہیں، یہ ملک کلمے کی بنیاد پر بنا،یہ کسی کے سامنے جھکنے والے نہیں، دوستی کی بات سے یہ مت سمجھیں ہمیں کوئی ڈر یا خوف ہے، ہم چاہتے ہیں کشمیری آزاد ہوں یہ ان کا انسانی اور جمہوری حق ہے، مودی مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بحال کرو، 5 اگست کا اقدام واپس لے کرہم سے مذاکرات کرو اور کشمیرکا مسئلہ ہمارے ساتھ مل کرحل کرو۔

علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دینے کے لئے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی غیر جانبدارانہ اور آزادانہ استصواب رائے کے انعقاد کا وعدہ پورا کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قرار دادوں کے مطابق ناقابل تنسیخ اور جائز حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں سے یکجہتی میں غیر متزلزل رہے گا اور یہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور سلامتی کے لئے ناگزیر ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لئے جائز جدوجہد میں متحد اور متفق ہے، اس حق خود ارادیت کی عالمی برادری نے سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں توثیق کی، کشمیری عوام کی جائز امنگوں کو پورا کرنے والے منصفانہ امن کو یقینی بنانے کے لئے مزید اقدامات پر تیار ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں اخلاص کا مظاہرہ کرے تو ہم دو قدم آگے بڑھنے کے لئے تیار ہیں، لیکن استحکام اور امن کی ہماری خواہش کو کمزوری کی علامت نہ سمجھا جائے، بھارت کا سات دہائیوں سے ناجائز قبضہ اور مظالم کشمیریوں کے آزادی کے عزم کو کمزور نہیں کر سکے، مقبوضہ کشمیر کی نئی نسل آزادی کی شمع کولے کر نئے جوش و ولولے سے آگے بڑھ رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں