ڈیلی میل فیصلہ عمران خان کے منہ پر طمانچہ ہے مریم اورنگزیب

ڈیلی میل فیصلہ آنے کے بعد شہبازشریف کو فی الفور رہا کیاجائے، ترجمان ن لیگ


ویب ڈیسک February 06, 2021
ڈیلی میل فیصلہ آنے کے بعد شہبازشریف کو فی الفور رہا کیاجائے، ترجمان ن لیگ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈیلی میل فیصلے میں لندن کی عدالت نے عمران خان کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈیلی میل کی اسٹوری پر پہلے مرحلے میں ہتک عزت کی درخواست پر فیصلہ آیا ہے، ڈیلی میل کی اسٹوری کے سہولت کار عمران خان اور شہزاد اکبر تھے، یہ اسٹوری وزیر اعظم ہاؤس میں بنی تھی، ڈیوڈ روز کی عمران خان سے ملاقات ہوئی، اس کی تصویر بھی ہے، ڈیوڈ روز نے لکھا کہ اسٹوری کا مواد شہزاد اکبر نے دیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف نے ڈیلی میل پر مقدمہ کیا، جب لندن کی عدالت نے پوچھا کہ اسٹوری میں لگائے گئے الزامات کے آپ کے پاس ثبوت ہیں ؟ تو اخبار کے پاس اسٹوری میں الزامات ثابت کرنے کوئی ثبوت نہیں تھا، عدالت نے کہا کہ ہتک عزت درجہ اوّل کی ہوئی ہے، نہ پاکستان نہ برطانیہ میں کوئی ثبوت پیش کیا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر دوسروں کی عزت پگڑیاں اچھالتے ہیں، آپ کو شرم اور حیا نہیں آتی، عمران خان اپنی چوری ، ڈالے چھپانے دوسروں پر الزامات لگاتے ہیں، کل لندن کی عدالت نے آپ کے منہ پر طمانچہ مارا ہے، اعلی سطح کی ہتک عزت کا فیصلہ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف مقدمہ دائر کردیا

ترجمان ن لیگ نے بتایا کہ کل کشمیر پر جو عمران خان نے بات کی ، اس پر تو آپ کو عہدے سے ہٹا دینا چاہیے، کشمیر پر آپ نے پاکستان کی پالیسی تبدیل کر دی ہے، لیکن کوئی بات نہیں یہ تو لاڈلا ہے، آپ کو آٹا ، چینی ، ایل این جی ، بجلی چوری کرنے لایا گیا ہے، آپ کو کشمیر کا سودا کرنے لایا گیا ہے۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ شہزاد اکبر عمران خان کا فرنٹ مین ہے، شہزاد اکبر ڈیوڈ روز کے ساتھ ملاقات کی تصویر کو جھٹلائیں گے، ڈیلی میل کا اپنا وکیل کہتا ہے کہ الزامات کا کوئی ثبوت نہیں ہے، فیصلہ تو یوکے ڈیلی میل کے خلاف آیا ہے ، مرچیں شہزاد اکبر کو کیوں لگی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان آپ الٹے بھی لٹک جائیں ، اپوزیشن آپ کو این آر او نہیں دے گی۔

علاوہ ازیں ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا ہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کیس میں فیصلہ آنے کے بعدپارٹی کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کو فی الفور رہا کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ لندن کی عدالت کا فیصلہ شہبازشریف کی بے گناہی اور عمران صاحب کے مصدقہ جھوٹے ہونے کی بین گواہی ہے۔ شہبازشریف کی ایمانداری پرکیچڑ اچھالنے والوں کے سیاہ چہروں کی کالک میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ لندن کی عدالت سے شہبازشریف کی سچائی کی گواہی آئی۔ لندن عدالت کے فیصلے کے بعد کچھ بھی شرم ہوتو عمران صاحب اور کرائے کے ترجمان معافی مانگیں۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ لندن عدالت نے کہا کہ برطانوی قانون کے مطابق شدید ترین درجے میں شہبازشریف کو بدنام کیاگیا ۔ برطانوی جج نکلین نے قرار دیا کہ شہبازشریف کے خلاف برطانوی ہتک عزت کے قانون کے اول درجے کا جھوٹ بولاگیا اور شہبازشریف کے خلاف ڈیلی میل نے سراسر جھوٹ اور مفروضے پر مبنی خبر شائع کی، کوئی منی لانڈرنگ نہیں ہوئی ۔

مریم اورنگزیب نے سوال کیا کہ عمران صاحب اپنے سیاسی انتقام، حسد اور جھوٹ کی آگ سے پاکستان کی جو ہتک آپ نے کرائی، اس کا ازالہ کون کرے گا؟جھوٹے کاغذ لہرانے والوں میں زرا سی بھی شرم ہوتو برطانوی عدالت کے فیصلے کے بعد چلو بھر پانی میں ڈوب مریں۔ شہزاد اکبر نے جو کاغذلہرائے تھے وہ لندن کی عدالت میں کیوں پیش نہیں کئے؟

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہاکہ برطانوی عدالت کے فیصلے سے براڈ شیٹ کے کمیشن خور شہزاد اکبر کے چہرے پر جھوٹ کی سیاہی میں اور بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ عمران صاحب نے یہ جھوٹا انٹرویو خود کرایا تھا،

مریم اورنگزیب نے کہاکہ شہبازشریف کے دس ارب کے ہتک عزت کے مقدمے میں پانچ سال سے عمران صاحب مفرور ہیں۔ پاکستان میں اس ہتک عزت کے مقدمے میں بھی انشاءاللہ عمران صاحب کا جھوٹ بے نقاب ہوکر رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |