سینیٹ انتخابات اوپن کرانے سے متعلق قانون سازی کے لئے دو تہائی اکثریت نہیں وزیر خارجہ

پی ڈی ایم جتنا مرضی لانگ مارچ یا احتجاج کرلے تاہم لٹیروں سے مفاہمت نہیں ہو سکتی، شاہ محمود


ویب ڈیسک February 06, 2021
پی ڈی ایم جتنا مرضی لانگ مارچ یا احتجاج کرلے تاہم لٹیروں سے مفاہمت نہیں ہو سکتی، شاہ محمود

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات اوپن کرانے سے متعلق ہمارے پاس قانون سازی کے لئے دو تہائی اکثریت نہیں۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت سینیٹ انتخابات میں شفافیت قائم رکھنے اور ووٹوں کی خریدو فروخت ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کے لیے اوپن بیلٹ انتخابات چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں ایسا شفاف نظام لایا جائے جس میں کرپشن اور خریدوفروخت کے بازار بند ہو جائیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے چارٹر آف ڈیموکریسی کی شق 23 میں لکھا تھا کہ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروائے جائیں گے تاہم اب دونوں جماعتیں اپنے قول سے پیچھے ہٹ چکی ہیں، ہم نے اس مقصد کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ آئینی تشریح کی جائے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ قانون سازی کے لئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں، پاکستان کی تاریخ گواہ ہے سینیٹ کے سابقہ انتخابات میں تحریک انصاف نے شکایت ملنے پر اپنے 20 اراکین صوبائی اسمبلی کو پارٹی سے بے دخل کردیا تھا جب کہ پی ڈی ایم ایک طرف حکومت کو جعلی حکومت کہتی ہے اور دوسری طرف سینیٹ انتخابات میں حصہ لیکر اسی جعلی اسمبلی میں جاناچاہتی ہے۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو عمران فوبیا ہوگیا ہے، پی ڈی ایم جتنا مرضی لانگ مارچ یا احتجاج کرلے تاہم لٹیروں سے مفاہمت نہیں ہو سکتی، نواز شریف نے مودی کو شادی پر بلا کر گلے لگایا اور کشمیریوں سے بغاوت ک تاہم کسی بھی صورت میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنا چاہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں