عمر شیخ اور ساتھیوں کو جیل میں بنے نئے کمروں میں منتقل کرنے کا حکم

ملزمان کو موبائل فون اور انٹرنیٹ کی اجازت نہیں ہوگی، اہل خانہ روزانہ ملاقات کرسکیں گے، محکمہ داخلہ سندھ

عمر شیخ کی عدالت میں پیشی کے موقع پر کھینچی گئی ایک تصویر (فوٹو : فائل)

امریکی صحافی ڈینیئل پرل قتل کیس میں احمد عمر شیخ اور دیگر افراد سے متعلق محکمہ داخلہ نے نیا حکم نامہ جاری کردیا جس کے تحت انہیں جیل سے رہائی کے بعد جیل میں ہی تعمیر شدہ نئے کمروں میں رکھا جائے گا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ احمد عمر شیخ، فہد نسیم احمد، سید سلمان ثاقب، شیخ محمد عادل اور عبدالحمید بگٹی کو سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں جیل سے رہا کردیا گیا ہے تاہم ان تمام افراد کو سینٹرل جیل کے احاطے ہی میں نئے تعمیر شدہ کمروں میں رکھا جائے گا۔

حکم نامہ کے مطابق احمد عمر شیخ اور دیگر افراد کو موبائل فون اور انٹرنیٹ استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، تمام افراد اپنے اہل خانہ سے روزانہ کی بنیاد پر ملاقات کرسکیں گے جبکہ حراست میں رکھے افراد کے اہل خانہ کی سہولت کے لیے وفاقی حکومت کے قصر ناز میں پانچ کمرے بھی مختص ہوں گے۔
Load Next Story