این اے200 میں انگوٹھوں کی تصدیق کا فیصلہ برقرار

ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی علی گوہر مہر کی کارروائی روکنے کی اپیل مسترد کردی

الیکشن ٹریبونل سکھرنے59 پولنگ اسٹیشنوں پرووٹوں کے انگوٹھوں کی تصدیق کاحکم دیا فوٹو: فائل

عدالت عالیہ سندھ نے این اے200 سے رکن قومی اسمبلی علی گوہر مہر کی انگوٹھوں کے نشانات سے ووٹوں کی تصدیق کے بارے میں الیکشن ٹریبونل کے حکم کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔

جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ نے مقدمے کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو جمعہ کو 2 رکنی بینچ نے سنادیا،درخواست گزار علی گوہر مہر نے الیکشن کمیشن،الیکشن ٹریبونل سکھر،مخالف امیدوار خالد خان لُونڈاور دیگر کو فریق بناتے ہوئے کہا تھا کہ11 مئی 2013 کو انتخاب میں درخواست گزرا نے این اے200 گھوٹکی سے کامیابی حاصل کی اور 86579ووٹ اور مخالف امیدوار خالد خان لُونڈ نے 76615ووٹ حاصل کیے، درخواست گزار نے الیکشن ٹریبونل کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھاکہ ووٹوں کی نادرا کے ذریعے تصدیق کا مطالبہ بدنیتی پر مبنی ہے،شفاف انتخابات کے بعد ووٹوں کی تصدیق کا کوئی جواز نہیں۔




مخالف امیدوار کے الزامات بے بنیادہیں،مخالف امیدوار خالد خان لُونڈ نے الیکشن ٹریبونل سکھر میں درخواست دائر کی جس پر ظہیر الدین ایس لغاری پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے حلقہ کے 59 پولنگ اسٹیشنوں کے ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشان کی تصدیق کا حکم دیا تھا، فل بینچ نے وکلائے طرفین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جوکہ جسٹس عرفان سعادت خان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے جمعہ کو سنایا۔
Load Next Story