علی سدپارہ سمیت لاپتہ کوہ پیماؤں کا تیسرے روز بھی سراغ نہ مل سکا

گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ تینوں کوہ پیماؤں کی زندگی کے امکان کم ہونے لگے


ویب ڈیسک February 08, 2021
خراب موسم کے باوجود پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کا سرچ آپریشن جاری فوٹو: فائل

کے ٹو سر کرنے کے بعد واپسی پر لاپتہ ہونے والے کوہ پیما محمد علی سد پارہ اور ان کے دیگر غیر ملکی ساتھیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن تیسرے روز بھی جاری رہا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق موسمِ سرما میں کے ٹو سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران لاپتہ پونے والے پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ اور اُن کے 2 غیر ملکی ساتھیوں کا 3 روز گزر جانے کے باوجود کچھ پتہ نہیں چل سکا تاہم ان کی تلاش کا کام جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کے روز کے ٹو کی بالائی سطح بادلوں سے مکمل طور پر ڈھکی ہوئی تھی جس کی وجہ سے چوٹی پر حد نگاہ بہت کم تھی، اس کے باوجود پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں نے پیر کی صبح تقریباً 7000 میٹر کی بلندی تک پرواز کی تاکہ لاپتہ کوہ پیماؤں کا سراغ لگایا جا سکے۔

دوسری جانب گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ تینوں کوہ پیماؤں کی زندگی کے امکان کم ہونے لگے ہیں، علی سد پارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ بھی اپنے آبائی علاقے لوٹ گئے ہیں اور وہیں سے علی سدپارہ سے متعلق کسی بھی اطلاع کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ محمد علی سدپارہ اپنے دو غیر ملکی کوہ پیما ساتھیوں جان اسنوری اور جوان پابلو موہر کا 5 فروری کی شام سے بیس کیمپ اور اپنی ٹیم سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں