ریکوڈک کیس ٹیتھیان کمپنی کی قانونی ٹیم کل پاکستان پہنچے گی
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ٹیم کو آنے کی اجازت دے دی، قانونی ٹیم دورہ پاکستان میں کیس سے متعلق حکام سے ملاقاتیں کرے گی
عالمی عدالت کی جانب سے ریکوڈک کیس میں پاکستان کو 6 ارب ڈالر جرمانے کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ٹیتھیان کمپنی کی قانونی ٹیم کو برطانیہ سے پاکستان آنے کی اجازت دے دی۔
قانونی ٹیم 10 فروری کو برٹش ایئرویز کی پرواز سے پاکستان پہنچے گی، 5 رکنی ٹیم 2 مرد اور 3 خواتین آفیشلز پر مشتمل ہے، ٹیم کو پاکستان آنے کی اجازت اٹارنی جنرل آف پاکستان کی دراخوست پر دی گئی۔
اٹارنی جنرل آفس کی درخواست پر ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ نے اجازت نامہ جاری کیا، اٹارنی جنرل آفس نے 9 سے 15 فروری تک سفری اجازت نامہ جاری کی درخواست کی تھی۔
ٹیم میں ایک پولش، ایک امریکی، دو برطانوی اور ایک آسٹریلین شہری شامل ہیں۔ سی اے اے کے مطابق کورونا کے باعث برطانیہ سے آنے والے مسافروں کو سی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ سی کیٹگری کے مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی ہے۔
قانونی ٹیم کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کورونا ایس او پیز پر عمل کروایا جائے گا، قانونی ٹیم دورہ پاکستان میں کیس سے متعلق مختلف آفیشلز سے ملاقاتیں کرے گی۔