پاکستانی ڈیزائنر پر نقل چوری کا الزام سوشل میڈیا جنگ میں تبدیل

یہ دسویں بار ہے جب حارث شکیل ہمارے ڈیزائنز چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، انتظامیہ فرح طالب عزیز


ویب ڈیسک February 09, 2021
فیشن شو کے دوران ماڈل سنیتا مارشل کے ذریعے پیش کیے گئے لباس کا ڈیزائن ان کے ڈیزائن کی واضح کاپی ہے، انتظامیہ فرح طالب فوٹو سوشل میڈیا

حال ہی میں منعقد ہونے والے برائیڈل کٹیور ویک میں جہاں ڈیزائنرز کے دلفریب لباس توجہ کا مرکز رہے وہیں فیشن شو کے دوران دو ڈیزائنرز کے درمیان ڈیزائنز چوری کرنے کے تنازع نے بھی لوگوں کی خوب توجہ سمیٹی۔

برائیڈل کٹیور ویک تو اختتام پزیر ہوچکا ہے جس میں مختلف ڈیزائنرز کے دیدہ زیب اور خوبصورت لباس توجہ کا مرکز رہے وہیں ڈیزائنز چوری کرنے کے تنازع نے لوگوں کو حیرت میں مبتلا کردیا۔

برائیڈل کٹیور ویک کے دوران جب ڈیزائنر حارث شکیل نے اپنا خوبصورت کلیکشن ''غزل'' پیش کیا تو ملک کی ایک اور معروف ڈیزائنر فرح طالب عزیز نے حارث شکیل پر ان کے ڈیزائنز چوری کرنے کا الزام لگایا۔

فرح طالب عزیز کے مطابق فیشن شو کے دوران ماڈل سنیتا مارشل کے ذریعے پیش کیے گئے لباس کا ڈیزائن ان کے ڈیزائن کی واضح نقل ہے۔ انہوں نے ڈیزائنر حارث شکیل سے چند سوالات پوچھے جس کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں۔

انتظامیہ نے ڈیزائنر حارث شکیل سے پوچھا اگر آپ خود کو ڈیزائنر کہتے ہیں تو نقل کرنے کے بجائے اپنے ڈیزائنز کیوں نہیں بناتے؟ کیا آپ کو کوئی شرمندگی نہیں ہوتی جب آپ فرح طالب عزیز کے ڈیزائن کردہ لباس آن لائن آرڈر کرتے ہیں اور ان ڈیزائنز کو اپنا بتاکر بیچتے ہیں؟

ہمارے دو سال پرانے ڈیزائنز کو کاپی کرنے کا کیا مطلب ہے؟ یہ دسویں بار ہے جب آپ ہمارے ڈیزائنز چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں آپ کو خود پر شرم نہیں آتی؟

فرح طالب عزیز کی ٹیم کے مطابق ڈیزائنر حارث شکیل نے ان کے دو سال پرانے ڈیزائنز نقل کرکے انہیں حال ہی میں برائیڈل کٹیور ویک میں اپنا ڈیزائن بتاکر پیش کیا اور یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے بلکہ انتظامیہ کے مطابق یہ کوئی دسویں بار ہے جب حارث شکیل نے ان کے ڈیزائنز چوری کیے ہیں۔



فرح طالب عزیز کی بیٹی اور برانڈ مینجر ملیحہ عزیز نے انسٹاگرام پر لکھا ہمارا کام بہت زیادہ کاپی ہوتا ہے لیکن عام طور پر ہم ہنگامہ نہیں کرتے کیونکہ معروف ڈیزائنرز اکثر چھوٹے برانڈز کا کام چوری کرتے ہیں۔ یہ ہمیں مشتعل کرنے والی چیز ہے۔

بہرحال حارث شکیل نے ایک بار نہیں بلکہ کئی بار ہمارا کام کاپی کیا ہے۔ ہوسکتا ہے اس بار انہوں نے ہمارے ڈیزائنز کو اپنا بتاکر اب کیٹ واک پر پیش کیا ہے لیکن ان کے سوشل میڈیا پر کچھ عرصے سے ہمارے ڈیزائنز کی کاپی کی تصاویر نظر آرہی ہیں۔

[instagram-post url="https://www.instagram.com/p/B7gyAWIn2CP/"]

دوسری جانب ڈیزائنر حارث شکیل نے ڈیزائنر فرح طالب کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرح طالب کو اپنی آواز اس وقت اٹھانی چاہئے تھی جب اس لباس کی گزشتہ سال سوشل میڈیا پر تشہیر کی گئی تھی۔ دونوں لباس بالکل ایک جیسے نہیں ۔ یہ ایک دوسرے سے بہت مختلف ہیں۔ لباس کا باڈی کٹ، آستینیں، دوپٹہ اور گلے کا ڈیزائن بھی مختلف ہے۔ ہاں میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ دونوں لباس کا رنگ ایک جیسا ہے لیکن یہ بہت عام کلر ہے جو اکثر دلہنوں کے لباس میں استعمال کیاجاتا ہے۔ اگر میں غلط نہیں ہوں تو فرح کے لباس کا اسٹائل انگ رکھا ہے جب کہ میرے لباس کا ڈیزائن پشواز ہے۔ لہذا مجھے فرح طالب کا دعویٰ بے معنی لگتا ہے۔

[instagram-post url="https://www.instagram.com/p/CHuO084BLNC/"]

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں