کراچیگلشن اقبال مسکن چورنگی پر فائرنگ سے 3 افراد جاں بحقچارزخمی

تین موٹرسائیکلوں پر سوار6 نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی،تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے

لاشوں اور زخمیوں کو ضابطے کی کارروائی کےبعد جناح اسپتال منتقل کردیا جائیگا۔اسکرین شاٹ/ایکسپریس نیوز

کراچی کے علاقے گلشن اقبال مسکن چورنگی پر فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے،جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع شرقی کے علاقے گلشن اقبال مسکن چورنگی پر واقع آغا جوس سینٹر پر موٹرسائیکلوں پر سوار نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے،جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نادر،غلام علی اور حسین علی کے نام سے ہوئی ہے،جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔


ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق واقعہ کے وقت علاقے میں پولیس موجود تھی،ملزمان تین موٹرسائیکلوں پر آئے اور ان کی تعداد 6 تھی،ملزمان نے تینوں اطراف سے اندھا دھند فائرنگ کردی اور فائرنگ نائن ایم ایم پستول سے کی گئی،فائرنگ سے قریبی کھڑی ہائی روف بھی متاثر ہوئی اور دکان کے شٹر پر بھی گولیاں لگیں۔


ایس ایس پی نے بتایا کہ قتل کی اس واردات میں ایک ہی گروپ ملوث ہے تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کی واردات ہے یا فرقہ وارانہ قتل ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو ضابطے کی کارروائی کےبعد جناح اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

Load Next Story