شاداب خان نے پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہرکردیا

حسن علی کی شمولیت سے ہمارا اسکواڈ مضبوط ہوگیا، شاداب خان


Zubair Nazeer Khan February 10, 2021
میچز میں جب ہمارے مداح پزیرائی  اور حوصلہ افزائی کرتے ہیں تو بہت اچھا لگتا ہے، شاداب خان: فوٹو: فائل

پی ایس ایل کی دو مرتبہ کی چیمپئین اسلام آباد یونائیٹیڈ کے کپتان شاداب خان نے 20 فروری سے شروع ہونے والے سیزن 6 میں عمدہ کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہرکردیا۔

اقرا یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ہماری ٹیم زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، دوسال سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی کارکردگی بہتر نہیں رہی لیکن اس سال کوشش ہوگی کہ اچھی کارکردگی دکھائیں، قبل ازیں کھیلے جانے والے سیزن میں کافی چیلنجز کا سامنا رہا تھا، ہماری بیٹنگ کے شعبہ میں کارکردگی تو بہتر رہی تھی تاہم بولنگ میں غلطیاں ہوئیں تھیں، اب اگلے سیزن کے لیے لاحہ عمل تیار کرلیا ہے اور کوشش ہوگی کہ سابقہ غلطیاں کو نہ دہرائیں۔

شاداب خان نے کہا کہ میں دو برس سے اسلام آباد یونائیٹیڈ کی قیادت کررہا ہوں، کپتان بننا خواب ہوتا ہے، اللہ نے میرے خواب کو پورا کیا، حسن علی کی شمولیت سے ہمارا اسکواڈ مضبوط ہوگیا، حارث رؤف سے بھی اچھی امیدیں ہیں، پی ایس ایل 6 کے لیے ڈرافٹ میں اپنے مطلوبہ کھلاڑیوں کا ملنا بھی ہمارے لیے سود مند رہے گا۔

ایک سوال کے جواب میں شاداب خان نے کہا کہ کرکٹ مقابلوں میں تماشائی موجود نہ ہوں تو کھیلنے کا مزہ نہیں آتا، میچز میں جب ہمارے مداح پزیرائی اور حوصلہ افزائی کرتے ہیں تو بہت اچھا لگتا ہے، اب پی ایس ایل میں بیس فیصد تماشائیوں کے لیے اسٹیڈیمز کے دروازے کھولنا مسرت کن ہے، لیکن میچز کے موقع پر کوویڈ 19 کی وجہ سے تماشائیوں کو سماجی فاصلے سمیت تمام ایس ایس پیز پرعمل کرنا ہوگا۔

قومی کپتان بابر اعظم کے حوالے سے سوال کے جواب میں شاداب خان نے کہا کہ بلاشبہ بابر اعظم اس وقت دینا کے بہترین بیٹسمینوں میں شمار کیے جاتے ہیں، اس حوالے سے کوئی دو رائے نہیں، تاہم بطور کپتان بابر اعظم ابھی سیکھنے کے عمل سے گزررہے ہیں، جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کامیابی ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اظہارکرتی ہے، توقع ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بابراعظم کی کپتانی کی اہلیت میں بتدریج بہتری آتی چلی جائے گی،اب ہماری نظریں اب ورلڈ کپ پرہیں، امید ہے کہ بابر اعظم کی قیادت پاکستان اس میگا ایونٹ میں فتح سے ہمکنارہوگا، ذاتی سوال کے جواب میں شاداب خان کا کہنا تھا کہ میری فٹنس میں بتدریج بہتری آئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔