کے پی ٹی اور بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق افسران کیخلاف نیب ریفرنس دائر

قومی خزانے کو 21.45 ارب اور 984.86ملین روپے کا نقصان پہنچایا


ویب ڈیسک February 10, 2021
قومی خزانے کو 21.45 ارب اور 984.86ملین روپے کا نقصان پہنچایا

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آبادمیں منعقد ہوا جس میں 2 ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سابق چیرمین کے پی ٹی ، سابق جنرل منیجر کے پی ٹی سید جمشید زیدی ، سی ای او کراچی انٹرنیشنل ٹرمینل خرم ایس عباس، ایم ایس کراچی انٹرنیشنل کنٹنیر ٹرمینل اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی طورپر سرکاری زمین الاٹ کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 21.45 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔

نیب نے سابق چیرمین بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد فاروق ، سابق چیرمین بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی سردار انور قمبرانی، سابق چیرمین بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی علی ظہیر ہزارہ، ڈائریکٹر بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی جاویدخان اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پراختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبہ میں غیر قانونی ٹھیکے دینے کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 984.86ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

اجلاس میں 8 انکوائریز کی منظوری دی گئی جن میں رکن قومی اسمبلی ڈیرہ غازی خان سردار جعفر خان لغاری اور دیگر، سابق وزیراطلاعات خیبر پختونخواہ شوکت علی یوسف زئی ، چیرمین احمد نواز، سابق ضلعی ناظم بھکر حمید اکبر خان، جنرل منیجر ٹیکنیکل لیسکو لاہور خالد سعید ، سابق ایڈیشنل آئی جی پولیس محمد انور ورک ، امریکن انٹرنیشنل اسکول سسٹم کو غیرقانونی زمین الاٹ کرنے والے افسران اور اسکول سسٹم لاہور کی انتظامیہ، رکن صوبائی اسمبلی سندھ راجہ خان مہر، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ ضلع گھوٹکی کے افسرا ن و اہلکاران، سابق وزیر آبپاشی امانت اللہ خان ، رکن صوبائی اسمبلی رانا عبد الرؤف، (سابق چئیرمین ایم سی بہاولپور رانا عاطف ،ایم سی بہاولپور کے اہلکاران، پی ایچ ای اور کنٹریکٹرزکے خلاف انکوائریز کی منظوری شامل ہے۔

اجلاس میں (08) انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی۔ جن میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور دیگر، کے پی ٹی افسران و اہلکاران ، آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخواہ کے افسران واہلکاران ، محکمہ اوقاف خیبر پختونخواہ کے افسران ،بلوچستان ڈوپلپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ،پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ اور دیگر،منظور ا حمد ملک سابق آفیشل،ایس ایس پی آفس جیکب آباد، عبدالحمید کاٹومختیارکار(ریونیو)،ریونیو کشمور کے افسران و اہلکاران، ڈاکٹر فضل کریم سابق ای ڈی او ہیلتھ خانیوال اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشنز کی منظوری شامل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں