جعلی حلف نامہ جمع کرانے پر سلمان خان نے عدالت سے معافی مانگ لی

کالے ہرن شکار کیس میں سزا سے متعلق سلمان خان کی درخواست پر جمعرات کو فیصلہ سنایا جائے گا


ویب ڈیسک February 10, 2021
کالے ہرن شکار کیس میں سزا سے متعلق سلمان خان کی درخواست پر جمعرات کو فیصلہ سنایا جائے گا۔ فوٹو: فائل

کالا ہرن شکار کیس میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے جعلی حلف نامہ جمع کرانے پر عدالت سے معافی مانگ لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کالا ہرن شکار کیس سے متعلق جودھ پور عدالت میں درخواست کی سماعت ہوئی جس میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے، اس موقع پر سلمان خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اگست 2003 میں غلطی سے جعلی حلف نامہ جمع کرایا گیا تھا لہذا سلمان خان کو غلطی کی بنیاد پر معاف کیا جائے۔

سلمان خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سلمان خان مصروفیات کے باعث بتانا بھول گئے تھے ان کے اسلحہ کا لائسنس تجدید کے لیے گیا ہوا ہے اسی وجہ سے انہوں نے عدالت میں کہا کہ ان کا لائسنس گم ہوگیا ہے اور اس حوالے سے جعلی حلف نامہ جمع کرایا، وکیل کے بیان پر حکومتی وکیل نے عدالت سے درخواست کی اداکار کے خلاف عدالت کو گمراہ کرنے کا مقدمہ درج کیا جائے۔

واضح رہے کہ 1998 میں غیر قانونی طور پر کالے ہرن کا شکار کرنے پر سلمان خان کو گرفتار کیا گیا تھا جب کہ عدالت میں سلمان خان نے بیان دیا تھا کہ ان کا اسلحہ کا لائسنس گم ہوگیا ہے تاہم بعد میں عدالت کے علم میں یہ بات آئی کہ سلمان خان کا اسلحہ کا لائسنس گم نہیں ہوا تھا بلکہ تجدید کے لیے گیا ہوا تھا۔

2018 میں عدالت نے سلمان خان سمیت، سیف علی خان، ادکارہ تبو، نیلم اور سونالی بیندرے کو فلم کی شوٹنگ کے دوران 2 کالے ہرن مارنے پر 5 سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم بعد میں سلمان خان نے سزا کے خلاف جودھ پور کی عدالت میں اپیل دائر کی تھی جس پر جمعرات کو فیصلہ سنایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں