سندھ دشمن عناصر امن خراب کرنیکی سازش کر رہے ہیںالطاف حسین

قائدمتحدہ آرڈیننس کے اجراپرصدر،گورنر،وزیراعلیٰ اورسندھ کے عوام کومبارکباد


Express Desk September 08, 2012
بلدیاتی نظام کی بحالی اتحادوبھائی چارے کی جانب اہم قدم ہے،قائدمتحدہ آرڈیننس کے اجراپرصدر،گورنر،وزیراعلیٰ اورسندھ کے عوام کومبارکباد۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ طاغوتی قوتوں اور خفیہ ہاتھوں کے پے رول پرکام کرنے والے عناصر صوبے سندھ کاامن خراب کرنے کی گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہیں۔

ایم کیوایم رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے ارکان کے مشترکہ ہنگامی اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئےالطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی اپنے اتحاد سے امن دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنادیں گی۔ انھوں نے پاکستان بالخصوص سندھ بھر میں ایم کیوایم کے ذمے داران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ ان سازشی عناصر سے نبرد آزما ہونے کے لئے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار رہیں۔

ایم کیوایم کے قائد نے کہاکہ جوعناصر لوکل باڈیز کے نئے اعلان شدہ نظام کے خلاف واویلا مچارہے ہیں وہ دراصل طاغوتی قوتوں اور خفیہ ہاتھوں کی تنخواہ دار ہیں اور صوبے میں امن وامان اور بھائی چارے کی فضا کو سبوتاژ کرنے کی سازشوںمیں مصروف ہیں ۔متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلزپارٹی کے رہنما، ذمے داران اور کارکنان ان امن دشمن عناصر کی سازشوں کو اپنے اتحاد سے ناکام بنادیں گے ۔ انھوں نے کہاکہ اے این پی کے بارے میں پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ اس جماعت کے رہنما اپنے بیرونی آقاؤں سے مالی مفادات حاصل کرکے اپنے ہی عوام کو خاک وخون میں نہلاتے رہے ہیں۔یہی عناصراوران کی جماعت اے این پی آج اسی غلامانہ سسٹم کی وکالت کررہی ہے جو انگریزوں نے برصغیر پر قبضے کرنے کے بعد اپنے اقتدار کو طول دینے کیلیے نافذ کیا تھا، انھوںنے کہاکہ سندھ کی قوم پرست جماعتیں جو ہڑتال اور دہشت گردی کی دھمکیاں دے رہی ہیں ہم انھیں باورکرانا چاہتے ہیں کہ حق پرست عوام نہ پہلے اس قسم کی دھمکیوں سے گھبرائے ہیں اور نہ آئندہ گھبرائیں گے ۔

الطاف حسین نے پاکستان خصوصاً سندھ بھر کے ایم کیوایم کے ذمے داروں ،جانثار کارکنوں اور ہمدردوں سے کہاکہ اگر طاغوتی قوتوں کے پے رول پر کام کرنے والے قوم پرست صوبے میں قانون شکنی یا امن عامہ کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کریں تو اس سے نبرد آزما ہونے کے لئے وہ اپنے آپ کو ذہنی وجسمانی طور پر تیار رکھیں۔

الطاف حسین نے ملک بھر کے حق پرست خواتین ، نوجوان ، بزرگوں ، طالب علموں ، تاجروں ، صنعتکاروں، محنت کشوں ، ملازمت پیشہ افراد ہاری ، کسان اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ لوکل باڈیز سسٹم کے خلاف ہڑتال کو ناکام بنانے کیلیے مثالی اتحاد ویکجہتی کابھرپورمظاہرہ کریں۔

علاوہ ازیں نئے بلدیاتی آرڈیننس کے اجراکے بعدگورنرہائوس میں پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنمائوں سے گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے بلدیاتی نظام کی بحالی پرصدرآصف زرداری، گورنر،وزیراعلیٰ،پیپلزپارٹی،ایم کیو ایم اوردیگرجماعتوں کے وزراء، ارکان اسمبلی، رہنماؤں، کارکنوں اور سندھ بھرکے عوام کومبارکبادپیش کی اورکہا کہ بلدیاتی نظام کی بحالی سندھ میں عوام کونچلی سطح پراختیارات کی منتقلی ،مسائل کے حل اورتمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے سندھ کے عوام کے درمیان اتحادوبھائی چارے اور ہم آہنگی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں