سی این جی ایسوسی ایشن نے سیکریٹری پیٹرولیم کی یقین دہانی پر ہڑتال 2 دن کیلئے مؤخرکردی
سیکرٹری پیٹرولیم کی جانب سے کراچی میں آئندہ2 روز تک سی این جی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی پر سی این جی ایسوسی ایشن اور ٹرانسپورٹ اتحاد نے اتوار کو دی جانے والی ہڑتال کی کال 2 دن کے لئے مؤخر کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے جاری 48 ، 48 گھنٹے سی این جی لوڈشیڈنگ کو جواز بنا کر سی این جی ایسوسی ایشن اور ٹرانسپورٹ اتحاد نے 5 جنوری کو ہڑتال کی کال دی تھی تاہم اس حوالے سے چیرمین ایسوسی ایشن سندھ زون سلیمان جی نے سیکرٹری پیٹرولیم سے رابطہ کیا جنہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ 2 روز تک سندھ بھر میں سی این جی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، مسئلے کے مستقل حل کے لئے سیکرٹری پیٹرولیم نے ایم ڈی سوئی سدرن گیس کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے پیر کو اجلاس بلایا جائے جس میں مسئلے کا حل تلاش کیا جائے۔
سی این جی ایسوسی ایشن اور ٹرانسپورٹ اتحاد نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پیر کو ہونے والے اجلاس میں ایم ڈی سوئی سدرن گیس کو ہفتے میں 4 کے بجائے 3 دن کی لوڈشیڈنگ پر قائل کرلیا جائے گا تاہم اگرمطالبہ منظور نہ کیا گیا توپھر بھرپور ہڑتال کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سندھ بھر میں سی این جی کی مسلسل 48 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے خلاف سی این جی ایسوسی ایشن اور ٹرانسپورٹ اتحاد نے 5 جنوری کو ہڑتال کی کال دی تھی ۔