فرانس میں 117 سالہ خاتون نے کورونا وائرس کو شکست دے دی

جنوری میں سسٹر آندری میں کووِڈ 19 کی تشخیص ہوئی لیکن ان میں بیماری کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی


ویب ڈیسک February 11, 2021
جنوری میں سسٹر آندری میں کووِڈ 19 کی تشخیص ہوئی لیکن ان میں بیماری کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

فرانس کے شہر تولون میں رہنے والی 117 سالہ عیسائی راہبہ، سسٹر آندری نے کووِڈ 19 کو شکست دے دی ہے۔ اس طرح وہ ناول کورونا وائرس کو شکست دینے والی معمر ترین انسان بھی قرار پائی ہیں۔

خبروں کے مطابق، جنوری 2021 کے وسط میں سسٹر آندری میں کووِڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی لیکن حیرت انگیز طور پر ان میں بیماری کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔

سسٹر آندری کا پیدائشی نام لوسی رینڈن ہے، وہ نابینا ہوچکی ہیں جبکہ عمر رسیدگی کے باعث پچھلے کئی سال سے وہیل چیئر تک محدود ہیں۔

''مجھے تو محسوس بھی نہیں ہوا کہ مجھ میں یہ وائرس تھا،'' سسٹر آندری نے فرانس کے مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔

وہ تولون کے ایک اولڈ ہوم میں مقیم ہیں جہاں ان کے علاوہ مزید 87 بزرگ بھی رہ رہے ہیں۔ جنوری میں ٹیسٹنگ کے دوران اس اولڈ ہوم کے 81 بزرگوں میں ناول کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جن میں سے 10 کا انتقال بھی ہوچکا ہے۔

'جیرونٹولوجی ریسرچ گروپ' کے مطابق، سسٹر آندری وہ دوسری معمر ترین انسان ہیں جنہوں نے کورونا وائرس کو شکست دی ہے تاہم اس گروپ کے اپنے فراہم کردہ ریکارڈ سے پتا چلتا ہے کہ کورونا وائرس کو شکست دینے والے تمام بزرگ ترین افراد کے مقابلے میں سسٹر آندری کی عمر سب سے زیادہ ہے۔

دلچسپی کی بات یہ ہے کہ سسٹر آندری کی تاریخِ پیدائش 11 فروری 1904 ہے، یعنی آج وہ اپنی 117 سالگرہ بھی منا رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |