فلسطینی سفیر کی گاڑی ضبطگی کا کسٹم کلیکٹر کا اقدام غیر قانونی قرار

سفارتی استثنیٰ کی وجہ سے سفیر کے خلاف کسٹم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی غیر قانونی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ


ویب ڈیسک February 11, 2021
کسی سفیر کے خلاف کارروائی سے قبل وزارت خارجہ کو مطلع کرنا ضروری ہے، عدالت۔ فوٹو:فائل

ہائی کورٹ نے فلسطینی سفیر کی گاڑی ضبطگی کا کسٹم کلیکٹر کا اقدام غیر قانونی قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایف بی آر کی جانب سے گاڑی کی فروخت کے حوالے سے اظہار وجوہ کے نوٹس کے خلاف درخواست پر کیس کی سماعت ہوئی، فلسطینی سفیر احمد جواد ربیئی نے وکیل سکندر نعیم قاضی کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف پیش کیا تھا کہ ایف بی آر نے سفارتی استثنیٰ کے تحت پاکستان درآمد کی جانے والی گاڑی فروخت کرنے پر انہیں 4 اگست کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا، سفارتی عملے کو ویانا کنونشن کے تحت خصوصی استثنیٰ حاصل ہے، جب کہ کسٹم ڈیپارٹمنٹ کا یہ نوٹس سفارتی استثنیٰ کی خلاف ورزی ہے، عدالت حکم دے کہ مجھے اور میری پراپرٹی کو ویانا کنونشن کے تحت استثنیٰ حاصل ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ سیکرٹری خارجہ کی رائے اور مجھے نوٹس دئیے بغیر گاڑی ضبطگی غیر قانونی ہے، سیکرٹری خارجہ کی رائے کے بغیر کسٹم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی اور ایف بی آر کسٹم ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ شوکاز نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ کسی سفیر کے خلاف کارروائی سے قبل وزارت خارجہ کو مطلع کرنا ضروری ہے، لیکن کسٹم ڈیپارٹمنٹ نے فلسطینی سفیر کے خلاف کارروائی سے قبل وزارت خارجہ کو مطلع نہیں کیا تھا، سفارتی استثنیٰ کی وجہ سے سفیر کے خلاف کسٹم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی غیر قانونی ہے۔ عدالت نے فلسطینی سفیر کے خلاف کسٹم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی کو کالعدم قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ عدالتی حکم امتناع کے بعد فلسطینی سفیر کو گاڑیاں واپس کر دی گئی تھیں، اور اب کارروائی بھی ختم کر دی گئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں