تحریک لبیک نے ڈیڈ لائن میں 20 اپریل تک توسیع کردی وزیراعظم

حکومت اور تحریک لبیک کے ساتھ معاہدہ ہوگیا ہے 20 اپریل تک ہم ان کے مطالبات پارلیمنٹ کے سامنے رکھیں گے، وزیراعظم


ویب ڈیسک February 11, 2021
معاہدے کے تحت 20 اپریل تک ہم تحریک لبیک کے مطالبات پارلیمنٹ کے سامنے رکھیں گے، عمران خان۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت اور تحریک لبیک کے ساتھ معاہدہ ہوگیا ہے، اور تحریک لبیک پاکستان نے ڈیڈ لائن میں 20 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومتی ٹیم نے تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں، جس کے بعد حکومت کا تحریک لبیک کے ساتھ معاہدہ ہوگیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: 17 فروری تک فرانسیسی سفیر ملک بدر نہ ہوا تو خاموش نہیں رہیں گے

وزیراعظم نے بتایا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان نے ڈیڈ لائن میں 20 اپریل تک توسیع کردی ہے، اور معاہدے کے تحت 20 اپریل تک ہم ان کے مطالبات پارلیمنٹ کے سامنے رکھیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو لائحہ عمل کا اعلان کرینگے

واضح رہے کہ تحریک لبیک نے فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کے حوالے سے 16 فروری تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ 16 نومبر 2020 کو فیض آباد میں حکومت اور تحریک لبیک کے مابین معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت حکومت نے 16 فروری تک فرانس کے سفیر کوملک بدر اور فرانس کی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کرنا تھا، تاہم تین ماہ گزرنے کےباوجود حکومت معاہدے کی شقوں پر عمل نہیں کرسکی، جس کے خلاف تحریک لبیک نے 16 فروری کے بعد احتجاج اوردھرنے کا اعلان کرنا تھا۔

حکومت نے تحریک لبیک کے دوبارہ مذاکرات شروع کررکھے تھے، ایک ماہ کے دوران متعدد بار فریقین میں رابطے اور مذاکرات ہوئے تاہم آج حکومت اور تحریک لبیک کے مابین نیا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ مذاکرات میں حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری اور شیخ رشید شریک ہوئے جبکہ تحریک لبیک کی طرف سے مرکزی شوری کے اراکین غلام غوث بغدادی، ڈاکٹرشفیق امینی ، غلام عباس فیضی اور محمد عمیر الازہری نے دستخط کیے ہیں.



حکومتی ذرائع کے مطابق حکومت نے 16 نومبر کے معاہدے کو 20 اپریل تک پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ معاہدے کی شقوں کا فیصلہ اب پارلیمنٹ میں ہوگا، تحریک لبیک کے سربراہ سمیت دیگر رہنماؤں اورکارکنان کے نام فورتھ شیڈول سے نکالے جائیں گے، ضمنی معاہدے کا اعلان وزیراعظم کریں گے جس کے بعد یہ نافذ العمل ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں