سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کی روایت ختم کریں گے وزیر اعظم

عوامی فلاح اور بہتر قانون سازی کے لیے کام کرنے والوں کو سینیٹ میں لایا جائے گا، عمران خان


ویب ڈیسک February 11, 2021
وزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا(فوٹو، فائل)

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کو سینیٹ کے ٹکٹ دینے کی روایت ختم کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پارلیمانی بورڈ کی جانب سے سینیٹ ٹکٹوں سے متعلق سفارشات وزیراعظم کوپیش کی گئیں۔

اجلاس میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سرمایہ داروں اورجاگیرداروں کوٹکٹ دینےکی روایت ختم کریں گے۔ایسے لوگوں کو سینیٹ کا ٹکٹ دیں گے جو عوامی فلاح اور بہتر قانون سازی کے لیے کام کریں۔

ذرائع کے مطابق سفارشات میں شبلی فراز کو ایک مرتبہ پھر سینیٹر بنانے کی سفارش شامل ہے۔ اسی طرح ٹیکنوکریٹس کے لیے حفیظ شیخ کا نام شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتوں میں سے کامل علی آغا کا نام بھی شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے اور خواتین میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ڈاکٹر زرقا کو سینیٹ کا ٹکٹ دیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کا شیڈیول جاری کردیا ہے جس کے تحت امیدوار 12 اور 13 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے جب کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے 3 مارچ کو پولنگ ہوگی، پولنگ کا عمل 3 مارچ کو صبح 9 سے لے کر شام 5 تک جاری رہے گا۔

یہ خبر بھی پڑھیے: سینیٹ کے دو اراکین نے استعفی دے دیا

واضح رہے کہ 11مارچ کو 52 سنیٹرز اپنی مدت پوری کرکے ریٹائر ہو جائیں گے تاہم سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات ہوں گے، اس طرح ایوان بالا کے ارکان کی تعداد 100 ہوجا ئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں