14 سال تک شاہ رخ خان کے ہم شکل بننے والے اداکار کا فلم بنانے کا فیصلہ

میں اپنی پہلی فلم شاہ رخ خان کو ڈیڈی کیٹ کرتاہوں، پرشانت

میں شوبز میں بطور کوریوگرافر اینٹر ہواتھا اس کے بعد میں نے شاہ رخ خان کے ڈوپلیکیٹ کے طور پرکام کرنا شروع کردیا۔ پرشانت فوٹوبھارتی میڈیا

ISLAMABAD:
بالی ووڈ میں 14 سال تک شاہ رخ خان کے ڈوپلیکیٹ (ہم شکل) کا کردارنبھانے والے اداکار پرشانت والدے نے فلمساز بننے کا فیصلہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پرشانت والدے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان سے بے انتہا مشابہت کے باعث گزشتہ 14 برسوں سے فلموں میں ان کے ڈوپلیکیٹ کا کردار نبھارہے ہیں۔ تاہم لاک ڈاؤن میں دیگر فنکاروں کے ساتھ ساتھ پرشانت کو بھی کام نہ ملنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے خود ہی فلمیں بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں دئیے گئے ایک انٹرویو میں پرشانت والدے نے بالی ووڈ میں کیریئر کے ابتدائی دنوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا میں شوبز میں بطور کوریوگرافر اینٹر ہواتھا اس کے بعد میں نے شاہ رخ خان کے ڈوپلیکیٹ کے طور پرکام کرنا شروع کردیا۔


پرشانت نے مزید بتایا کہ انہوں نے چند سال قبل دبئی میں بالی ووڈ تھیم پارک میں شاہ رخ خان کے ہم شکل کی حیثیت سے بھی کام کیا۔ جب ان کی وہاں سے ملازمت ختم ہوگئی تو وہ گزشتہ برس بھارت لوٹ آئے تاہم لاک ڈاؤن کے باعث کام نہ ملنے کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے سوچا یہی وقت ہے کچھ نیا کرنے کا۔

پرشانت ان دنوں اپنی پہلی فلم کی پوسٹ پروڈکشن میں مصروف ہیں۔ اس فلم کے مصنف اور پروڈیوسر وہ خود ہی ہیں جب کہ فلم میں اداکاری بھی وہ خود ہی کررہے ہیں۔ تاہم اس فلم کو سُمیت ساگر ڈائریکٹ کریں گے۔ پرشانت والدے نے بتایا کہ اس فلم کو میں نے اپنا خون پسینہ دیا ہے اس کے علاوہ میں نے اپنا وہ سارا تجربہ اس فلم میں استعمال کیا ہے جو میں نے بالی ووڈ میں شاہ رخ خان کا ڈوپلیکیٹ بن کر حاصل کیا ہے۔ لہذا میں اپنی پہلی فلم شاہ رخ خان کو ڈیڈی کیٹ کرتاہوں۔

واضح رہے کہ پرشانت والدے نے ''اوم شانتی اوم''، ''ڈون 2''، ''چنائی ایکسپریس'' اور ''فین''سمیت متعدد فلموں میں شاہ رخ خان کے ڈوپلیکیٹ کے طور پر کام کیا ہے۔
Load Next Story