وہ تو اب بھی زندہ ہے

ڈاکٹروں نے تین ماہ دیے تھے، مگر پرسی سو برس کا ہوگیا


ع۔ر January 05, 2014
ڈاکٹروں نے تین ماہ دیے تھے، مگر پرسی سو برس کا ہوگیا. فوٹو : فائل

جنگ عظیم دوم میں جب محاذ پر سے پرسی نورٹن کی واپسی ہوئی تو وہ اتنا شدید زخمی تھا کہ ڈاکٹروں نے اس کی صحت یابی سے مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہہ دیا تھا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تین ماہ تک زندہ رہ پائے گا۔

تاہم گذشتہ دنوں پرسی نے اپنی 100ویں سال گرہ مناکر ثابت کردیا کہ انسان کے وقتِ آخر کا علم سوائے خدا کے کسی کو نہیں۔ برطانیہ کی کاؤنٹی نورفوک کے علاقے ایسٹ ٹڈینھم کا رہائشی نورٹن پیشے کے لحاظ سے قسائی تھا۔ دوران جنگ فرانس کے علاقے نورمنڈے میں گولا لگنے سے اس کے پیٹ اور تلّی پر گہرے زخم آئے تھے جب کہ اس کے پھیپھڑے کا کچھ حصہ بے کار ہوگیا تھا۔

پرسی کو برطانیہ واپس لایا گیا، جہاں وہ ایک برس سے زائد عرصے تک زیرعلاج رہا۔ بالآخر ڈاکٹروں نے اسے گھر واپس بھیج دیا، جن کا کہنا تھا کہ اب وہ تین ماہ سے زیادہ نہیں جی پائے گا۔ گھر واپسی پر پرسی کی شریک حیات ایلن نے دل و جان سے اس کی دیکھ بھال کی اور معجزاتی طور پر وہ بالکل صحت مند ہوگیا۔ اب بھی وہ باقاعدگی سے ورزش کرتا ہے، سائیکل چلاتا ہے اور موسم گرما میں ہر ویک اینڈ پر مچھلیاں پکڑنے کے لیے جاتا ہے۔



1943ء میں شادی کے بعد نورٹن کو رائل نورفوک رجمنٹ کے ساتھ نورمنڈے کے محاذ پر بھیج دیا گیا تھا۔ اس بارے میں وہ کہتا ہے،'' فرانس پہنچنے کے صرف ایک ماہ کے بعد میں دشمن کی گولہ باری سے شدید زخمی ہوگیا تھا۔ مجھے ٹینک شکن پلاٹون میں رکھا گیا تھا اور گاڑیوں کی دیکھ بھال اور سپاہیوں کو گولہ بارود فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ نورمنڈے میں Caen کے علاقے کے قریب جب کہ میرے ساتھی ایک جرمن ٹینک کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے تھے میں دشمن ٹینک سے فائر کیے جانے والے گولے کی زد میں آگیا تھا۔''

پرسی اتنا شدید زخمی تھا کہ چار ہفتے کے بعد اسے فرانس سے برطانیہ منتقل کیا جاسکا تھا۔ یہاں اس نے تیرہ ماہ ویسٹ سپر میئر اسپتال میں گزارے۔ اور پھر ڈاکٹروں کی رائے میں محض تین ماہ مزید زندہ رہنے کے لیے گھر آگیا۔ صحت یاب ہونے کے کچھ عرصے بعد پرسی نورٹن اپنی بیوی کے ساتھ اسی اسپتال میں گیا تھا، جہاں ڈاکٹر اور دیگر عملہ اسے زندہ سلامت دیکھ کر حیران رہ گیا تھا۔

نورٹن کی دو بیٹیاں 66 اینجیلا اور 58 سالہ میرلن ہیں۔ 1991ء میں اسے اپنی شریک حیات کی موت کا صدمہ برداشت کرنا پڑا تھا۔ نورٹن کی بصارت قدرے متاثر ہوئی، تاہم مجموعی طور پر وہ صحت مند ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں