سیاسی میئر کی تعیناتی کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا شرجیل میمن

مشاورت کے بعد ایڈمنسٹریٹرکی تعیناتی ہوگی،واسع جلیل،رضا ہارون، مشترکہ پریس کانفرنس

کراچی:وزیراطلاعات شرجیل میمن ،صوبائی وزیر رضا ہارون اور واسع جلیل میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

سندھ پیپلز لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2012 کے نفاذ سے سندھ کی شہری اوردیہی آبادیوں کے درمیان محبتوں میں اضافہ ہوگا۔


اس نظام میں گزشتہ تمام بلدیاتی نظاموں میں سے اچھے اور بہتر قوانین سمیت کچھ نئے قوانین بھی شامل کیے گئے ہیں ، نئے نظام کے قیام کے بعد اب تمام پروپیگنڈے دم توڑ جائیں گے، پولیس اور ریونیو ڈپارٹمنٹ سے متعلق جو قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں وہ بھی ختم ہوجائیں گی ، پولیس اور ریونیو ڈپارٹمنٹ سندھ حکومت کے تحت ہی کام کرتے رہیں گے ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ، متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور صوبائی وزیر رضا ہارون اور واسع جلیل نے سندھ پیپلز لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2012 ء کے اجراء کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

شرجیل میمن نے کہا کہ جمہوری حکومت نے ایک نئے نظام اور سندھ کے عوام کے لیے وقت لگایا جس کا مقصد یہ تھا کہ سندھ کے عوام کے لیے بہتر سے بہتر نظام متعارف کروایا جا سکے،اس نظام کے تحت سندھ کی شہری اور دیہی آبادیوں کے درمیان محبتوں میں اضافہ ہوگا ، صوبائی وزیر رضا ہارون نے اس موقع پر کہاکہ سندھ حکومت نے پہلا جمہوری بلدیاتی نظام متعارف کروا کر تاریخ رقم کی ہے جس پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور ہمارے دیگرلیڈران اوراتحادی پارٹنرمبارک باد کے مستحق ہیں،واسع جلیل نے کہا کہ مشاورت کے بعد ایڈمنسٹریٹرکی تعیناتی کی جائے گی ۔ دریں اثناء اپنے ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ ہم تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں اور نئے آرڈیننس کے حوالے سے تمام خدشات کو دور کیا جائے گاجبکہ قوم پرستوں کو اعتماد میں لینے کے لیے بھی تیار ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story