دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو شکست دیدی

تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 1-1 سےبرابر ہوگئی ہے


ویب ڈیسک February 13, 2021
تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 1-1 سےبرابر ہوگئی ہے- فوٹو: آئی سی سی

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہراکر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے، قومی ٹیم کی جانب سے دیے گئے 145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز جنیمن ملن اور ریزا ہینڈرکس نے کیا تاہم شاہین آفریدی نے صرف 4 کے مجموعی اسکور پر جنیمن ملن کو پویلین واپس بھیج دیا تاہم ریزا ہینڈرکس نے 42 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی لیکن عثمان قادر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

چوتھے نمبر پر آنے والے پیٹ بجلون نے بھی 42 رنز کی اننگز کھیلی تاہم ان کی وکٹ محمد نواز لے اڑے جس کے بعد ڈیوڈ ملن نے ذمہ دارانہ اننگز کا مظاہرہ کیا اور 25رنز بنائے جس کے باعث مہمان ٹیم نے 16.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان ہینرچ کلاسین نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابر اعظم نے کیا تاہم کپتان ایک بار پھر رنز بنانے میں ناکام رہے اور صرف 5 رنز پر پویلین لوٹ گئے، ون ڈاؤن آنے والے حیدر علی اور حسین طلعت بالترتیب صرف 10 اور 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

محمد رضوان نے ایک بار پھر شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی تاہم 51 رنز پر رضوان آؤٹ ہوگئے جس کے بعد فہیم اشرف نے مزاحمت کی کوشش کی اور صرف 12 گیندوں پر 30 رنز بنائے جس کی بدولت قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بناسکی۔

واضح رہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 3 رنز سے شکست دی تھی تاہم دوسرے میچ میں مہمان ٹیم کی کامیابی کے بعد سیریز 1-1 سےبرابر ہوگئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں