لاہور عجائب گھر میں نوادرات کی مختلف گیلریوں کی اپ گریڈیشن

لاہور میوزیم میں حضرت امام حسین ؓ سے منسوب ہاتھ سے لکھے گئے تین قرآنی اوراق بھی موجود ہیں


آصف محمود February 14, 2021
لاہور میوزیم میں سوات کی قدیم اور جدید ثقافت کو نمایاں کرنے کے لئے بھی گیلری سجائی گئی ہے فوٹو: ایکسپریس

عجائب گھر میں نوادرات کی مختلف گیلریوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے جب کہ یہاں سیاحوں کی سہولت کے لئے معلوماتی ڈیسک اور فری گائیڈڈ ٹور کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔

کوویڈ 19 کے دوران لاہور عجائب گھر سیاحوں کے لئے بند تھا تاہم اس دوران انتظامیہ نے نوادرات کی مختلف گیلریوں کو اپ گریڈ کیا ہے۔ جن میں سکھ گیلری ،انڈس گیلری اور مخطوطات کی گیلریاں قابل ذکر ہیں ۔اسی طرح اب لاہور میوزیم میں سوات کی قدیم اور جدید ثقافت کو نمایاں کرنے کے لئے بھی گیلری سجائی گئی ہے۔



مخطوطات گیلری کی انچارج عفت عظیم نے بتایا کہ یہ اسلامی فن خطاطی کے نمونوں پرمشتمل گیلری ہے۔ اس میں حضرت امام حسین ؓ کے ہاتھ سے لکھے ہوئے قرآن پاک کے تین اوراق بھی ہیں جو خط کوفی میں لکھے گئے ہیں۔ اسی طرح مختلف خطوط میں لکھے گئے قرآن پاک کے نسخے موجود ہیں۔ عفت عظیم کہتی ہیں یہ گیلری اسلامی گیلی گرافی کے طالب علموں اور محققین کے لئے ایک درسگاہ ہے۔ یہاں ہم نے اسلامی کیلی گرافی کے قدیم نسخوں جن کا تعلق مصر سے ہیں ان سے لے کر دور جدید کے خطوط کو دکھایا گیا ہے جس میں پاک وہند میں رائج خطوط بھی شامل ہیں۔ مختلف خطوط خاص طورپر خط نسق میں وقت کے ساتھ جو تبدیلیاں آئی ہیں ان کو اسی ٹائم لائن کے ساتھ دکھایا گیا ہے



لاہورعجائب گھرکی ایڈیشنل ڈائریکٹر نوشابہ انجم نے بتایا کہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ لاہور میوزیم کے افسران اورماہرین کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اپنی اپنی گیلریوں کو آثارقدیمہ کی ضروریات کے مطابق اپ گریڈ کریں ، کئی گیلریاں اپ گریڈ کردی گئی ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں گندھارا گیلری کو اپ گریڈ کیا جائیگا جس میں سب سے زیادہ نایاب اورقیمتی نوادرات ہیں۔ ان گیلریوں کے بیک گراؤنڈزتبدیل کی جارہی ہیں، نئے طریقوں سے لیبلنگ کی جارہی ہے اور ان پرکیوآرکوڈ بھی بنائے جارہے ہیں، جیسے ہی کوئی سیاح اس کیوآرکوڈ کوسکین کریگا توموبائل سکرین پر اس نوادرسے متعلق ڈیٹا سامنے آجائے گا۔ ان اقدامات سے میوزیم کی آمدن میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔



لاہورمیوزیم کے ڈائریکٹر اعجازاحمد منہاج نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی بار یہاں معلوماتی ڈیسک قائم کیا گیا ہے اس کے علاوہ سیاحوں کی رہنمائی کے لئے گائیڈڈ ٹوور مہیاکیا جائیگا جو فری ہوگا،اس حوالے سے اوقات مقرر کئے گئے تاہم ان اوقات کے علاوہ بھی اگر کوئی فیملی ، اسکول ، کالج کے بچے یا پھر وفود آتے ہیں تو ان کو ہمارے گائیڈ میوزیم سے متعلق مستند معلومات فراہم کریں گے، یہاں میوزیم کی گیلریوں کا میپ بھی لگادیا گیا ہے۔ میوزیم کا بنیادی مقصد لوگوں کو قدیم تاریخ اور ثقافت سے متعلق معلومات دینا اور کمیونٹی کو عجائب گھروں سے جوڑنا ہے ،یہی ہماری اولین ترجیح ہے۔



لاہور میوزیم میں آنے والے سیاح اعجاز عدیل اور محمود یعقوب نے بتایا کہ وہ لوگ سوات سے یہاں آئے ہیں، انہوں نے پہلی بار لاہورمیوزیم کو دیکھا ہے ،یہاں رکھی نوادرات دیکھ کرانہیں حیرت ہوئی کہ ہماراخطہ کس لاکھوں سال پرانی تہذیبوں اورثقافت کا امین ہے۔ یہ میوزیم ایک طرح کی ٹائم مشین ہیں جو انسان کو ہزاروں، لاکھوں سال پیچھے اس دور میں لے جاتی ہیں جب انسان پتھر کے دورمیں رہتا تھا اورپھر ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے آج کے دورمیں پہنچا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |