اسلام آباد یونائیٹڈ نئی اڑان بھرنے کیلیے تیار

گذشتہ برس بولرزمسائل کا شکار رہے، غلطیاں نہیں دہرائیں گے،شاداب خان


Saleem Khaliq February 15, 2021
حسن علی اور ہیلز ٹیم میں اچھا اضافہ ثابت ہوں گے،میری فٹنس بحال ہو چکی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد یونائیٹڈ گذشتہ سیزن کی تلخ یادوں کو بھلا کر نئی اڑان بھرنے کے لیے تیار ہے، کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 5میں اہم بولرز انجرڈ یا آؤٹ آف فارم رہے،اس بار غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے پروگرام ''کرکٹ کارنر ود سلیم خالق'' میں گفتگوکرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ پی ایس ایل 5میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی،ہم اگلے سیزن کے لیے بیحد پْرجوش اوربہتر نتائج کے خواہاں ہیں،ٹیمیں اچھی بولنگ کی بدولت کامیابیاں حاصل کرتی ہیں، گذشتہ ایونٹ میں ہمارے چند بولرزکوانجریز ہوئیں، چند آؤٹ آف فارم بھی رہے، ان کو ردھم حاصل کرنے میں مسائل کا سامنا رہا، اس بار پوری کوشش کریں گے کہ گذشتہ سال کی غلطیاں نہ دہرائیں۔

شاداب خان نے کہا کہ حسن علی بہترین فارم میں ہیں، ڈومیسٹک مقابلوں میں اچھی کارکردگی کے بعد انھوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی شاندار کم بیک کیا،وہ ٹیم میں ایک اچھا اضافہ ثابت ہوں گے،حسن کے ساتھ فہیم اشرف بھی ایک ایسے پلیئر ہیں جو کبھی ہار نہ ماننے کا رویہ رکھنے ہیں،اس طرح کی سوچ سے آنے والی انرجی ہی ٹیموں کو کامیاب بناتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا اپنی صلاحیتوں پر یقین بڑھتا ہے، الیکس ہیلز نے بگ بیش لیگ میں زبردست فارم کا مظاہرہ کیا ہے،انھیں ایشیائی کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ بھی حاصل ہے، ان سے ہمیں اچھی کارکردگی کی امیدیں ہیں۔

شاداب خان نے کہا کہ مجھے ڈومیسٹک کے بعد انٹرنیشنل میچز میں بھی قیادت کا اچھا تجربہ حاصل ہوچکا،وقت کے ساتھ مزید بہتری آئے گی،میری فٹنس بھی بحال ہوچکی اور پی ایس ایل میں صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنے کیلیے تیار ہوں۔

کرکٹ کی محبت میں بائیوسیکیور ببل کی سختیاں گوارا ہیں

شاداب خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی محبت میں بائیوسیکیور ببل کی سختیاں گوارا ہیں،اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں ان حالات میں رہنے کا خاصا تجربہ ہوچکا ہے،ہم ایک سال سے بائیو ببل میں رہ رہے ہیں،یہ ذہنی طور پر بھی مشکل لیکن حالات کے پیش نظر اسی صورتحال کو گوارا کرنا ہے،آپ کرکٹ سمیت کسی چیز سے بھی پیار کرتے ہوں تو اس کیلیے قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔

رومان بطور بولنگ کوچ بھی فتوحات میں اہم کردار ادا کریں گے

شاداب خان نے اس امید کا اظہار کیاکہ رومان رئیس بطور بولنگ کوچ بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کی فتوحات میں اہم کردار ادا کریں گے،کپتان نے کہا کہ پیسر انجریز کی وجہ سے گذشتہ 2سال میدان میں پرفارم نہیں کرسکے لیکن ان کے پاس بڑی ویری ایشن اور تجربہ ہے،اس کا اسلام آباد یونائیٹڈ کے نوجوان بولرز کو فائدہ ہوگا،ہمیں پوری امید ہے کہ رومانکی رہنمائی میں بولرز کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں