جامعہ کراچی کے استاد پر آئی بی اے کے طالب علم کے تشدد پراساتذہ کا احتجاج

انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی جانب سے اس واقعے کے خلاف یونیورسٹی کے سیمسٹر امتحانات کا بائیکاٹ کیا گیا


Safdar Rizvi February 15, 2021
انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی جانب سے اس واقعے کے خلاف یونیورسٹی کے سیمسٹر امتحانات کا بائیکاٹ کیا گیا۔(فوٹو، فائل)

جامعہ کراچی کے استاد پر آئی بی اے کے طالب علم کے تشدد کے واقعے کے بعد جامعہ کراچی کے اساتذہ اور آئی بی اے انتظامیہ کے مابین تلخیاں بڑھ گئی ہیں۔

یہ واقعہ ہفتے کو جامعہ کراچی کی حدود میں آئی بی اے مین کیمپس کے باہر پیش آیا تھا جس میں معمولی تلخ کلامی کے بعد آئی بی اے کے ایک طالب علم نے جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے استاد مصطفی حیدر پر تشدد کیا۔

انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی جانب سے اس واقعے کے خلاف یونیورسٹی کے سیمسٹر امتحانات کا بائیکاٹ کیا گیا اور پرچہ ملتوی ہوگیا جس کے بعد اساتذہ آئی بی اے کراچی کے باہر بازو پر سیاہ پٹیاں باندھے احتجاج کے لیے جمع ہوگئے۔اساتذہ کے ہاتھوں میں بینرز پر اس واقعے اور آئی بی اے انتظامیہ کے خلاف نعرے درج تھے۔

اس موقعے پر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر پروفیسر شاہ علی القدر ، رکن سینڈیکیٹ پروفیسر ایس ایم طحہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اساتذہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس واقعہ کو دو روز گزر چکے ہیں تاہم اب تک آئی بی اے کی جان سے اس سلسلے میں ذمے داروں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی سامنے نہیں آسکی ہے۔

اساتذہ نے کہا کہ جامعہ کراچی میں بیک وقت دو سیکیورٹی سسٹم چلائے جارہے ہیں۔ ایک جامعہ کراچی کا اپنا سیکیورٹی سسٹم جبکہ دوسرا آئی بی اے کا سسٹم ہے جس سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ ایک کیمپس میں صرف جامعہ کراچی کا سیکیورٹی سسٹم چلایا جائے اور آئی بی اے کی جانب سے سیکیورٹی سسٹم ختم کیا جائے۔

بعض اساتذہ نے اپنی تقریر میں یہ نشاندہی کی کہ جب آئی بی اے کو جامعہ کراچی سے علیحدہ خود مختار حیثیت دی گئی تھی اس وقت آئی بی اے کے پاس اتنی اراضی نہیں تھی جتنی اب ہے۔ آئی بی اے کا کرکٹ اسٹیڈیم جامعہ کراچی کی اراضی پر قبضہ کرکے بنایا گیا ہے۔

علاوہ ازیں "ایکسپریس" نے اس سلسلے میں آئی بی اے کے ترجمان حارث توحید سے رابطہ کرکے طالب علم کے خلاف کسی تادیبی کارروائی سے متعلق پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ طالب علم کی شناخت ہوگئی ہے ہم کچھ دیر میں پوری کارروائی سے ذرائع ابلاغ کو آگاہ کریں گے تاہم کافی دیر گزرنے پر بھی آئی بی اے کی جانب سے کوئی اعلامیہ موصول نہیں ہوا۔

بعدازاں جامعہ کراچی کے اساتذہ اور آئی بی اے انتظامیہ کے مابین اب ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ آئی بی اے ڈائریکٹر ڈاکٹر اکبر زیدی نے اپنے رجسٹرار کے ہمراہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔

دوسری جانب ڈاکٹر اکبر زیدی کی دعوت پر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے وفد نے آئی بی اے کے ڈائریکٹر کے دفتر میں ان سے ملاقات کرکے اساتذہ برادری کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں