جنوبی وزیرستان میں قبائلی تصادم وانا بازار میں کرفیونافذ

فریقین کے ایک دوسرے کے خلاف مسلح مورچے، کئی گھروں کو آگ لگادی گئی


ویب ڈیسک February 16, 2021
عوام وانا بازار آنے کی زحمت نہ کریں، ضلعی انتظامیہ فوٹو: فائل

جنوبی وزیرستان میں آباد دوتانی اور زلی خیل قبائل زمین کے تنازع پر ایک دوسرے کے خلاف مورچہ زن ہوگئے ہیں جب کہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے وانا بازار میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جنوبی وزیرستان میں آباد دوتانی اور زلی خیل قبائل کے درمیان زمین کی ملکیت کا تنازع چل رہا ہے، گزشتہ چند روز کے دوران اس تنازع نے شدت اختیار کرلی ہے اور انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف مسلح مورچے بنالئے ہیں اور دونوں جانب سے چھوٹے بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ کچھ علاقوں میں فریقین کی جانب سے ایک دوسروں کے گھروں کو بھی نذر آتش کیا گیا ہے تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کشیدہ صورت حال کے باعث مقامی انتظامیہ نے وانا بازار میں کرفیونافذ کردیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ وانا بازار نہ آئیں۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے جب کہ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے، اس کے علاوہ مقامی انتظامیہ تصادم سے بچنے اور عمالے کے تصفیے کے لیے فریقین کے عمائدین سے مذاکرات کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں