ارطغرل غازی نے کاشف ضمیر کیساتھ معاہدہ منسوخ کرنے کی تصدیق کردی

میں بطور سفیر پاکستانی کمپنی چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کے ساتھ معاہدہ مسترد کرتا ہوں، ترک اداکار


ویب ڈیسک February 16, 2021
معاہدے کی شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دینے کے لیے ترک اداکار گزشتہ برس دسمبر میں پاکستان آئے تھے فوٹوانٹرنیٹ

ترک ڈراما سیریل ''دیریلش ارطغرل'' کے اداکار اینگن التان دزیاتن المعروف ارطغرل غازی نے پاکستانی بزنس میں اور ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کی کمپنی کے ساتھ معاہدہ منسوخ کرنے کی تصدیق کردی۔

ترک اداکار اینگن التان دزیاتن نے سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی بزنس مین کاشف ضمیر کی فرم چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کے ساتھ ایک ملین ڈالر کا پراجیکٹ سائن کیا تھا جس کے تحت اینگن التان ان کی فرم کے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر ہوئے تھے۔ معاہدے کی شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دینے کے لیے ترک اداکار گزشتہ برس دسمبر میں پاکستان آئے تھے۔ تاہم اب ان کی جانب سے باضابطہ طور پر یہ معاہدہ منسوخ کردیا گیا ہے۔

ترک اداکار نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ میں اینگن التان دزیاتن اعلان کرتاہوں کہ میں بطور سفیر پاکستانی کمپنی چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کے ساتھ معاہدہ مسترد کرتا ہوں۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں میں چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کے مالک اور مینجنگ ڈائریکٹر میاں کاشف ضمیر اور محمد اسماعیل سے ملاقات کرنے، معاہدے کی شرائط و ضوابط پر تبادلہ خیال کرنے اور معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستان کے دورے پر آیا تھا۔ میرے دورے کے دوران دونوں جانب سے معاہدے کے تمام پہلوؤں پر بات کی گئی تھی اور اتفاق کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ارطغرل غازی کو پاکستان لانے والا ٹک ٹاکر گرفتار

ترک اداکار کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اس معاہدے کے بارے میں پاکستانی میڈیا کی مستقل اطلاعات کے باوجود ہم نے معاہدے کی شرائط و ضوابط پر قائم رہتے ہوئے چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کو اپنی حیثیت واضح کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت اور موقع دیا۔

تاہم معاہدے کے بارے میں کمپنی کے ایم ڈی کاشف ضمیر کی جانب سے میڈیا کودی گئی غلط معلومات اور جھوٹ پر ہمیں سخت رنج ہوا۔ کاشف ضمیر نے معاہدے کے تحت دی گئی مدت کے باوجودکسی بھی شرائط کو پورا نہیں کیا جس کے بعد ہم نے یک طرفہ طور پر معاہدے کو منسوخ کردیا ہے۔ ترک اداکار نے کہا کمپنی نے اتفاق رائے سے نصف رقم بھی ادا نہیں کی ہے۔ اب ہمارا میاں کاشف ضمیر، محمد اسماعیل اور ان کی کمپنی چوہدری گروپ آف انڈسٹریز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' اینگن التان کو پاکستان بلانے والا ریکارڈ یافتہ ملزم نکلا

بیان میں ترک اداکار نے مزید کہ ہمارے دورہ پاکستان نے ہمیں پاکستان کے محبت کرنے والے لوگوں سے ملنے اور خوبصورت ملک دیکھنے کا موقع فراہم کیا۔ ہم پاک ترک تعلقات کو مزید فروغ دینے، دونوں ملکوں کے درمیان دوستی اور ایک دوسرے کی ثقافتوں کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔

اینگن التان نے مزید کہا پاکستانی لوگوں نے ترک ڈراموں میں جو گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اس نے مجھے بے حد متاثر کیا ہے اور میں جلد ہی ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کرنا اعزاز سمجھتا ہوں۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں اگر اللہ نے چاہا میں دوبارہ ایک نئی اور درست منصوبہ بندی کے ساتھ جلد ہی پاکستان کا دورہ کروں گا ۔ پاکستان اور ترکی کی دوستی ہمیشہ قائم رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں