حلیم عادل شیخ کی حراست کے خلاف وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج

یہی رویہ رہا تو سندھ حکومت کے لیے مشکل ہوجائے گا، علی زیدی


Staff Reporter February 16, 2021
یہی رویہ رہا تو سندھ حکومت کے لیے مشکل ہوجائے گا، علی زیدی ۔ فوٹو : فائل

تحریک انصاف کے اراکین سندھ و قومی اسمبلی نے حلیم عادل شیخ کی حراست کے خلاف وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی حراست کے خلاف تحریک انصاف کے اراکین سندھ و قومی اسمبلی اور دیگر رہنما شب وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے جہاں سندھے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی، اراکین سندھ سی ایم ہاؤس کے گیٹ کے سامنے تقریباً ایک گھنٹے تک دھرنا دیے بیٹھے رہے۔

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ اس شہر نے بڑا خون خرابا دیکھا، 2018 کا الیکشن پرسکون طریقے سے ہوا، شہریوں نے خوش ہو کر ووٹ دیے لیکن پیپلز پارٹی نے اس شہر کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ حلیم عادل شیخ گرفتار

انہوں نے سوال کیا کہ اپوزیشن لیڈر کو کیسے حراست میں لیا گیا؟ کیا اس حوالے سے اسپیکر کی اجازت لی گئی تھی؟ ہم پارٹی اجلاس میں لائحہ عمل طے کریں گے، دھرنا دینا ہے تو ہم دھرنا دینا جانتے ہیں، مرکزی قیادت بھی رابطے میں ہے۔

علی زیدی نے کہا کہ سندھ حکومت ہوش کے ناخن لے، قانون کی پاسداری کرے، کبھی کہتے ہیں جوابدہ نہیں، میں ان سے عاجزانہ درخواست کروں گا اپنا مائینڈ سیٹ درست کریں۔ جمہوریت میں ایسی گرفتاری نہیں ہوتی، یہی رویہ رہا تو سندھ حکومت کے لیے مشکل ہوجائے گا۔ بعد ازاں علی زیدی نے وزیر اعلی ہاؤس پر احتجاج کرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں