گوادر میں اکنامک زون کیلیے 20 ہزار ایکڑ اراضی مختص کی جائے گی

مقررہ مدت میں صنعتیں لگانے والوں کو اراضی الاٹ کی جائے گی، ایڈیشنل سیکریٹری صنعت


Staff Reporter February 17, 2021
گوادر سرمایہ کاری کے لیے پرکشش پورٹ سٹی ہے، ڈائریکٹر جیڈا، تقریب سے خطاب

حکومت پاکستان کے محکمہ صنعت اور تجارت کے ایڈیشنل سیکریٹری منظور حسین نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے بلوچستان میں صنعتی زونز میں اراضی کی الاٹمنٹ کے لیے قوانین مرتب کرلیے ہیں اور اراضی کے ریکارڈ کو مکمل کمپیوٹرائز کیا جا رہا ہے۔

ان اقدامات کے بعد اب صنعتی زونز میں صرف ان صنعت کاروں کو اراضی الاٹ کی جائے گی جو مقررہ مدت میں سرمایہ کاری کرکے صنعتیں لگائیں گے۔ ایم ڈی جیڈا عطاء اﷲجوگیزئی نے کہا ہے کہ گوادر میں اسپشل اکنامک زون کے لیے صوبائی حکومت 20 ہزار ایکڑ اراضی جلد مختص کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت بزنس کمیونٹی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ ایڈیشنل سیکریٹری صنعت منظور حسین نے کہا کہ گوادر میں صعنتی زون میں اراضی کی الاٹمنٹ کے کچھ مسائل تھے۔

ان کے حل کے لیے وزیر اعلی جام کمال نے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ اب اراضی کے حصول کے لیے قوانین مرتب کر لیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت گوادر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر جیڈا عطاء اﷲ جوگیزئی نے کہا کہ گوادر میں انڈسٹری کے قیام کے لیے3 ہزار ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے۔

گوادر سرمایہ کاری کے لیے پرکشش پورٹ سٹی ہے۔ گوادر میں ماہی گیری، سیمنٹ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ جیڈا نے سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو آپریشن بھی شروع کردیا ہے۔ گوادر بزنس کلب کے سینئر ایگزیکٹیو محمود احمد خان نے کہا کہ گوادر میں رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع ہیں۔ بزنس کمیونٹی کو گوادر میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے آگاہی مہم چلارہے ہیں۔قبل ازیں تعارفی تقریب میں جیڈا حکام نے بزنس کمیونٹی کو گوادر میں بلوچستان حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے آگاہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں