عجیب واقعہ ہے یہ

دنیا میں اپنے اثرات اور دیگر وجوہات کی بنا پرایسے واقعے بھی رونما ہوتے ہیں جو دل چسپ ہونے کے باعث یادگار بن جاتے ہیں۔

15 فروری2013کو خلا سے ایک شہابیہ زمین کی فضاء میں داخل ہوا اور اس واقعے سے لگ بھگ ڈیڑھ ہزار افراد متاثر ہوئے، فوٹو: فائل

ہر سال دنیا میں اپنے اثرات اور دیگر وجوہات کی بنا پر اہمیت رکھنے والے واقعات کے ساتھ کچھ ایسے واقعے بھی رونما ہوتے ہیں جو اچھوتے اور دل چسپ ہونے کے باعث یادگار بن جاتے ہیں، یہاں گذشتہ برس پیش آنے والے کچھ ایسے ہی واقعات پیش کیے جارہے ہیں:

٭شہابیوں کی برسات

پندرہ فروری دوہزار تیرہ کو خلا کی وسعتوں سے ایک شہابیہ زمین کی فضاء میں داخل ہوا وسطی روس کے شہر ''چلیا بینسک'' میں پیش آنے والے اس واقعے سے لگ بھگ ڈیڑھ ہزار افراد متاثر ہوئے، جب کہ چار ہزار تین سو عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ارل پہاڑی سلسلے کے مشرق میں واقع چلیا بینسک شہر پر برسنے والے یہ شہابیے اپنی رفتار اور قوت کے لحاظ سے سو سال میں پیش آنے والے تمام واقعات سے زیادہ نقصان دہ اور پریشان کن تھے۔ خلائی سائنس دانوں کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں شہابیوں کا زمین کے کرۂ ہوائی کو چیر کر سطح زمین تک پہنچنا زمین کے باشندوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔

٭پوپ کا استعفیٰ

دوہزار تیرہ کیتھولک عیسائیوں کے سب سے بڑے مذہبی پیشوائوں کے حوالے سے یادگار قرار دیا جاسکتا ہے۔ اس برس اٹھائیس فروری کو سبک دوش ہونے والے پوپ بینڈیکٹ کا اپنے منصب سے علیحدہ ہونا ایک اہم واقعہ بن گیا۔ دراصل پوپ بینڈیکٹ سات سو اٹھار برس (1294) قبل پاپائے روم کیلسٹائن چہارم کے بعد وہ دوسرے پوپ بنے جنہوں نے اپنے عہدے سے رضاکارانہ استعفی دیتے ہوئے منصب سے علیحدگی اختیار کی۔



اگرچہ پانچ سو اٹھانوے سال قبل پوپ گریگوری بازدہم (1415) بھی اپنے منصب سے استعفی دے چکے ہیں، تاہم ان سے یہ استعفیٰ بہ زور لیا گیا تھا۔ دوسری طرف پوپ بینڈیکٹ کے بعد پاپائے روم کے منصب پر فائز ہونے والے پوپ فرانسس کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ شمالی، وسطی اور جنوبی امریکا پر پھیلے ہوئے خطے ''امریکاز''سے تعلق رکھنے والے اولین پوپ بنے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ خطہ پینتیس ممالک پر مشتمل ہے اور یہاں دنیا کی کل آبادی کا چودہ فی صد رہائش پذیر ہے۔

٭اولمپک مشعل کا سفر(Logan McKerrow)

اگرچہ اگلے اولمپک دوہزار سولہ میں منعقد ہوں گے اور اس سلسلے میں اولمپک مشعل کا سفر جاری ہے، لیکن یہاں ذکر ایک ایسی اولمپک مشعل کا ہے جو کسی دھات کے بجائے کاغذ سے بنائی گئی ہے اور اب تک نہ صرف اکیس ہزار میل کا سفر کر چکی ہے، بل کہ اس سال کے اختتام پر اپنے تخلیق کار کو چونتیس ہزار پائونڈ بھی کما کر دے چکی ہے۔ جی ہاں یہ کمائو پوت اولمپک مشعل ایک چھے سالہ برطانوی طالب علم کا کارنامہ ہے۔



تفصیلات کے مطابق سمرسٹ سے تعلق رکھنے والے ''لوگان میکیرو'' نے جب سنا کہ لندن کے اولمپک دو ہزار بارہ کی مشعل فروخت کی جائی گی تو انہوں نے ایسی ہی ایک کاغذ سے بنی مشعل انٹرنیٹ کے ذریعے نیلام کرنے کی ٹھانی۔ یہ مشعل اب تک ساٹھ مرتبہ سے زاید نیلام ہوچکی ہے۔ واضح رہے کہ خریدنے والے پر لازم ہے کہ وہ اس مشعل کو خریدنے کے بعد دوبارہ آن لائن نیلام کے لیے انٹرنیٹ پر رکھے۔ اس عمل میں لوگان میکیرو کو انٹرنیٹ پر اشیاء فروخت کرنے آن لائن ادارے''ای بے'' کی خدمات بھی حاصل ہیں اور لوگان میکیرو نے مشعل کی نیلامی سے ہونے والی تمام آمدنی بہرے اور نابینا افراد کے مدد گار کتوں کی تربیت کے لیے مختص کی ہے۔ ان کتوں کی تربیت کے ادارے ''ہیرنگ ڈاگز'' نے اپنے ایک تجربے کار کتے کا نام لوگان رکھا ہے۔

٭مریخ پر پانی

انسان عرصہ دراز سے مریخ پر زندگی کے حوالے سے گومگو ں کی کیفیت میں مبتلا ہے تاہم رواں برس مریخ پر اترنے والے خلائی مشن کیوروسٹی نے تصدیق کی کہ مریخ پر موجود معدنیات سے بنی چٹانوں میں پانی کے شواہد ملے ہیں۔ مارچ کے پہلے ہفتے میں ملنے والے ان شواہد کی بعد ازاں جون اور دسمبر کے مہینوں میں بھی دیگر تجربات میں واضح تصدیق ہو چکی ہے کہ سرخ سیارے پر ماضی میں کبھی ایسی جھیل بھی رہی ہوگی جو انتہائی چھوٹے جان داروں یعنی بیکٹریا کے زندگی کے لیے سازگار ہوگی۔



٭سوئز ۔ ٹی ایم اے ۔ 108ایم خلائی مشن

روسی خلائی جہاز''سوئز ۔ ٹی ایم اے ۔108ایم'' کی جانب سے انیس سو اٹھانوے سے خلا میں موجود بین الااقوامی خلائی اسٹیشن میں تین ممبران لے جانے کا واقعہ اس لحاظ سے اہم قرار پایا ہے کہ یہ مشن محض چھے گھنٹے کی مسافت کے بعد تینوں خلابازوں اور ضروری سامان کو خلائی اسٹیشن تک لے جانے میں کام یاب ر ہا ''رشین فیڈرل اسپیس ایجنسی'' کی جانب سے تیار کردہ اس ٹیکنالوجی سے قبل یہ مسافت دو یوم کے عرصے پر مشتمل ہوتی تھی۔

٭خوشبو اور بدبو دینے والا ٹی وی

یکم اپریل اگرچہ اپریل فول کے حوالے سے معروف ہے تاہم ''بو'' دینے والا ٹی وی مذاق نہیں ہے، بل کہ ایک جیتی جاگتی حقیقت ہے جسے عملی جامہ جاپان کی ٹوکیو یونیورسٹی برائے زراعت اور ٹیکنالوجی کے تین ماہرین نے پہنایا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ایل سی ڈی اسکرین میں مختلف ''بوئیں'' اس طرح پروگرام کر کے داخل کی گئی ہیں کہ وہ اسکرین پر نظر آنے والی شے کے مطابق ''بو'' کا اخراج کرتی ہیں، جسے ناظر بہ آسانی محسوس کرسکتا ہے۔ فلوریڈا میں منعقدہ ورچوئل ریالٹی کانفرنس کے موقع پر پیش کی جانے والی اس اختراع کو''اسمیل او ویژن'' (Smell-O-Vision)ٹیکنالوجی کا نام دیا گیا ہے۔

٭قدیم ترین ڈائنوسار کے انڈوں کی دریافت

رواں برس چین کے جنوب مغربی صوبے ''ین نان '' میں جامعہ ٹورنٹو کے ماہر آثاریات کی ٹیم نے ڈائنوسار کے اب تک کے سب سے قدیم انڈوں کے فوسلز دریافت کیے دس اپریل کو دریافت ہونے والے ان قدیم ترین انڈوں میں حیرت انگیز طور پر ڈائنوسارز کے نامکمل بچے کی ہڈیاں بھی پائی گئی ہیں۔



ماہرین کے مطابق دریافت ہونے والے یہ انڈے ایک سو ستانوے ملین سال قبل کے زمانے سے تعلق رکھتے ہیں۔


٭کرۂ ارض جیسے سیارے

اٹھارہ اپریل کو ناسا کے ''ایمز ریسرچ سینٹر'' نے اعلان کیا کہ کائنات کے لامحددو مشاہدے میں مصروف ''کیپلر اسپیس ٹیلی اسکوپ '' نے کائنات کی وسعتوں میں دو ایسے اجسام دریافت کیے ہیں، جو ابتدائی طور پر بظاہر ہمارے سیارے سے ملتے جلتے ہیں۔ جسامت میں سیارہ زمین سے دگنے یہ دونوں سیارے یا اجسام ہمارے نظام شمسی کے باہر ایک سورج سے مطابقت رکھنے والے ستارے ''کیپلر باسٹھ'' کے گرد گھومتے ہوئے دریافت کیے گئے ہیں۔

٭ بادشاہ ولیم الیگزنڈر

دنیا کے وہ ممالک جہاں بادشاہت کسی نہ کسی شکل میں موجود ہے، ان میں سے ایک نیدرلینڈ بھی ہے جہاں تیس اپریل کو ولی عہد ولیم الیگزنڈر نے نیدر لینڈ کے بادشاہ کا حلف اٹھایا۔ یہ واقعہ اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ نیدرلینڈ میں ایک سو تئیس سال کے طویل عرصے کے بعد کوئی بادشاہ بنا ہے۔ اس سے قبل یہاں پر ملکائوں کا راج رہا ہے۔ چھیالیس سالہ ولیم الیگزنڈر کو یہ اعزاز ان کی والدہ ملکہ بیٹرکس کے رضاکارانہ طور پر تخت سے دست برداری کے بعد حاصل ہوا۔



٭برزگ کوہ پیما

مائونٹ ایورسٹ کو سر کرنا ہمیشہ سے کوہ پیمائوں کے لیے چیلینج بنا رہا ہے۔ دنیا کے ا س بلند ترین پہاڑکو سر کرنا ہر کوہ پیما کا خواب ہے، حیرت انگیز طور پر جاپان کے کوہ پیما ''یوچیرو میورا '' کا یہ خواب ''اسّی برس'' کی عمرمیں پورا ہوا ہے۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ پچیس مئی کو یہ کارنامہ انجام دینے والے کوہ پیما یو چیرو میورا کی دل کی چار مرتبہ سرجری بھی ہوچکی ہے۔

٭ٹی وی پر طلاق

بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ بیوی کو طلاق دینے کا پلیٹ فارم ٹی وی کو چنا جائے۔ تاہم سات جون کو یہ اعزاز روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کو حاصل ہوا انہوں نے اپنی اہلیہ ''لیو ڈمیلا'' کے ساتھ تیس سالہ رفاقت کے خاتمے کا اعلان سرکاری ٹی پر آکر کیا۔ اس موقع پر ان کی بیوی بھی موجود تھیں۔

٭اینڈی مرے کی فتح

برطانیہ کے ٹینس اسٹار اینڈی مر ے نے رواں برس سات جولائی کو اپنے ملک کے لیے ایک تاریخی اعزاز حاصل کیا۔



انہوں نے برطانیہ کی جانب سے ''ستتر برس'' بعد ٹینس کا سب سے بڑا مقابلہ ومبلڈن جیت کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ اینڈی مری سے قبل برطانیہ کی جانب سے یہ اعزاز انیس سو چھتیس میں ''فریڈ پیر ی'' نے حاصل کیا تھا۔

٭سعودی عرب کا احتجاج

اٹھارہ اکتوبر کو سعودی عرب دنیا کا وہ پہلا ملک بن گیا جس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت بطور احتجاج ترک کرنے کا اعلان کیا۔



اپنے انتخاب کے محض ایک دن بعداٹھائے جانے والے اس قدم کی وضاحت کرتے ہوئے سعودی عرب کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کی پندرہ رکنی سلامتی کونسل شام، فلسطین اور اسرائیل کے مابین تنازعات حل کرانے میں ناکام رہی ہے، لہٰذا وہ احتجاجاً یہ قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے ہیں۔

٭منہگے ترین ہیرے

گلابی رنگت کے انسٹھ اعشاریہ چھے قیراط وزن کے ''پنک اسٹار'' کے نام سے منسوب ہیرے کو رواں برس تراسی ملین ڈالر میں نیلام ہونے کے بعد سب سے قیمتی ہیرے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، جب کہ اسی نیلامی میں پینتیس ملین ڈالر کی مالیت میں نیلام ہونے والے نارنجی ہیر ے کو دنیا کے دوسرے سب سے قیمتی ہیرے کا اعزاز حاصل ہوا۔



بادامی شکل کے اس نارنجی ہیرے کا وزن چودہ اعشاریہ بیاسی قیراط ہے۔ دونوں ہیروں کی نیلامی تیرہ نومبر کو جنیوا میں منعقد ہونے والے '' کرسٹی جنیوا جواہرات فیسٹول'' میں ہوئی۔

٭جعلی مترجم(Thamsanqa Jantjie)

جنوبی افریقہ کے ہر دل عزیز راہ نما اور سابق صدر نیلسن منڈیلا کی وفات اگرچہ سال رواں کا اہم ترین اور قابل افسوس واقعہ ہے، لیکن نیلسن منڈیلا کی تدفین سے جڑا ایک ایسا واقعہ جس کو عجیب و غریب قرار دیا جاسکتا ہے، وہ نیلسن منڈیلا کی تدفین سے قبل ان کی یاد میں منعقد کی جانے والی تقریب کا وہ منظر ہے جس میں ''تھاما سنکا جنتا جائی'' نامی ایک شخص مقرر کے برابر میں کھڑا قوت گویائی سے محروم افراد کو مقرر کی تقریر اشاروں میں سمجھا رہا ہے، لیکن دل چسپ امر یہ ہے کہ انتظامیہ کو علم ہی نہیں کہ اس شخص کی جانب سے کیے جانے والے ہاتھوں کے اشارے کسی بھی طور قوت گویائی سے محروم افراد کی اشاروں کی زبان سے میل نہیں کھاتے ایک ایسی تقریب جس میں ساٹھ سے زاید ممالک کے سربراہ اور دیگر اہم ترین شخصیات موجود تھیں۔ کسی غیر ذمہ دار فرد کا اسٹیج تک پہنچا اور پھر مرکزی مقام پر کھڑے ہوکر جعلی مترجم کی حیثیت سے خدمت انجام دینا ابھی تک معما بنا ہوا ہے۔ تاہم اپنے اس فعل کے حوالے سے چونتیس سالہ تھاماسنکا کا کہنا ہے کہ اس پر کبھی کبھی شیزوفرینیا کے دماغی دورے پڑتے ہیں اور یہ غیر ذمہ دارنہ عمل ایسے ہی ایک دورے کا شاخسانہ ہے۔
Load Next Story