غداری کیس کی سماعت کل پھر ہوگی پرویزمشرف پیش نہیں ہوں گے

عدالت سے مشرف کی حاضری سے استثنی کی درخواست کی جائے گی، احمد رضا قصوری کی ایکسپریس نیوز سے گفتگو

پرویز مشرف کے خلاف 3نومبر2007 کے غیر آئینی اقدامات پر غداری کا مقدمہ خصوصی عدالت میں زیر سماعت ہے، فوٹو: اے ایف پی/ فائل

پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کی سماعت کل پھر ہوگی اور سابق صدر کل بھی عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوں گے.



ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی طبیعت بہتر نہیں، وہ اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں، اپنی ناساز طبیعت کے باعث کل بھی وہ خصوصی عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوسکیں گے تاہم عدالت سے پرویز مشرف کی حاضری سے استثنی کی درخواست کی جائے گی، اس سلسلے میں سابق صدر کی بیماری سے متعلق ڈاکٹرز کی رائے بھی عدالت میں پیش کرسکتے ہیں۔


واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف 3نومبر2007 کے غیر آئینی اقدامات پر غداری کا مقدمہ خصوصی عدالت میں زیر سماعت ہے، 2 جنوری کو اپنے فارم ہاؤس سے عدالت روانگی کے بعد راستے میں ان کی طبیعت خراب ہوگئی تھی جس کے بعد سے وہ فوجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

Load Next Story