کراچی کنگز بہترین کھلاڑیوں پرمشتمل ہے جو اچھی کارکردگی دکھائیں گے ہرشل گبز

بابراعظم جیسے ورلڈ کلاس بیٹسمین کی موجودگی ہماری ٹیم کو بھرپور قوت بخشے گی، کوچ کراچی کنگز


Sports Reporter February 18, 2021
بابراعظم جیسے ورلڈ کلاس بیٹسمین کی موجودگی ہماری ٹیم کو بھرپور قوت بخشے گی، کوچ کراچی کنگز

دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ہرشل گبز نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور لیگ مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پر امید ہیں۔

ورچوئل پریس کانفرنس سے بات کرتے ہوئے کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ہرشل گبز کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے ورلڈ کلاس بیٹسمین بابراعظم کی صلاحیتوں پر کوئی دو رائے نہیں، اس وقت ان کا شمار دنیا کے ٹاپ 5 بیٹسمینوں میں ہوتا ہے، حالیہ دنوں میں ان کی پرفارمنس متاثر رہی لیکن اب وہ ایک مرتبہ پھر اپنی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے نظر آئیں گے، کھیل میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے، امید ہے کہ وہ گذشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی سیزن کا بہترین کھلاڑی قرار پائیں گے۔

ہرشل گبز کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کو شرجیل خان جیسے تجربہ کار بیٹسمین کی خدمات بھی حاصل ہوگی، کولن انگرام کی شمولیت سے بھی ہمیں تقویت ملے گی، وکٹ کیپر بیٹسمین چیڈوک والٹن سے بھی امیدیں وابستہ ہیں۔ محمد عامر ورلڈکلاس فاسٹ بولر ہیں جب کہ کپتان عماد وسیم کی صلاحیتوں کا سب کو علم ہے۔

کراچی کنگز کے ہیڈکوچ نے کہا کہ ہمیں اپنی ٹیم کے کمبینیشن کا علم ہے، ہم مقابلوں میں اسی کے مطابق پلان کریں گے، تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی اپنی جگہ تاہم نئے اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنا بھی ایک مختلف طرز کا چیلنج ہوگا،بطور کوچ اپنی ذمہ داری بھرپور طریقہ سے ادا کرنے کی کوشش کروں گا، کھلاڑیوں سے بہتر تعلقات پر یقین رکھتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم میں زیادہ آل راؤنڈر رکھنے کا مقصد ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے بہتر مواقع پیدا کرنا ہے، آل راؤنڈرز کے انتخاب کا فیصلہ مقابلوں کے موقع پر حالات کے مطابق کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں