کراچی میں خوف کی علامت لال کار گینگ گرفتار

ملزمان خوف کی علامت بن چکے تھے، فوٹیجز وائرل ہونے پر پولیس اور رینجرز کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں

لال کار گینگ کی گلبرگ میں رہزنی کی وائرل شدہ فوٹیج سے گریب کی گئی ایک تصویر

رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران گلبرگ میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث لال کار گینگ کے 2 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق فیڈرل بی ایریا میں ملزمان کی وارداتوں کی وجہ سے لال گاڑی خوف کی علامت بن گئی تھی، ملزمان کی وارداتوں کے حوالے سے فوٹیجز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس کے بعد رینجرز اور پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور سخت جدوجہد کے بعد لال کار میں وارداتیں کرنے والے 2 ملزمان سہیل بنگالی اور عبدالغفار عرف ننھا کو گرفتار کرلیا گیا۔


ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ وارداتوں میں استعمال کی جانے والی لال کار، اسلحہ، چھینے ہوئے موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان برآمد کرلیا جبکہ گروہ میں شامل دیگر کارندوں کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او گلبرگ فرخ ہاشمی سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا ملزمان کو فیڈرل بی ایریا بلاک 5 موسیٰ موڑ رحمٰن آباد کے قریب سے گرفتار کیا گیا، ملزمان نے کار پر جعلی نمبر پلیٹ لگائی ہوئی تھی۔
Load Next Story