قائد عوام کا لقب پانے والے ذوالفقار علی بھٹو کا آج 86 واں یوم پیدائش ہے

زوالفاقر علی بھٹو کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا جارہاہے۔


ویب ڈیسک January 05, 2014
ذوالفقار علی بھٹو کو 4 اپریل 1979 کو انہیں نواب محمد احمد خان کے قتل کے الزام میں راولپنڈی جیل میں پھانسی دے دی گئی تھی۔ فوٹو: فائل

ملک کے پہلے منتخب وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کا 86واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔

پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھانے والے ذوالفقار علی بھٹو سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے ایک گاؤں گڑھی خدا بخش میں 1928 میں آج ہی روز پیدا ہوئے۔ انکے والد سر شاہ نواز بھٹو قیام پاکستان کے وقت ریاست جونا گڑھ کے دیوان تھے۔ انہوں نے1950 میں امریکی ریاست کیلی فورنیا کی برکلے یونیورسٹی سے سیاسیات میں گریجویشن جبکہ 1952ء میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے قانون میں ڈگری حاصل کی۔ اسی برس انہوں نے برطانیہ ہی میں بیرسٹری کا امتحان پاس کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو وہ پہلے ایشیائی باشندے تھے جنھیں برطانیہ کی ''ساؤ تھمپئین یونیورسٹی'' میں بین الاقوامی قانون کا استاد مقرر کیا گیا۔ اسی دوران وہ مسلم لاء کالج کراچی میں دستوری قانون کے استاد کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔

1958 سے 1966 تک ایوب خان کی کابینہ میں اہم وزیر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیتے رہے، اس دوران انہوں نے تجارت، اقلیتی امور، اطلاعات اور امور کشمیر کے قلمدان سنبھالے، 1966 میں وہ وزیر خارجہ کی حیثیت سے ایوب خان سے اختلافات کی وجہ سے مستعفی ہوگئے، 1967 میں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی، جس نے 1970ء کے عام انتخابات میں مغربی پاکستان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ۔ وہ دسمبر 1971ء تا 13 اگست 1973 سول مارشل لا ایدمنسٹریٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دیتے رہے۔ 14 اگست 1973ء کو انہوں نے نئے آئین کے تحت وزیراعظم کا حلف اٹھایا۔ 1977ء کے عام انتخابات دھاندلیوں کے سبب ملک میں خانہ جنگی کی سی کیفیت پیدا ہو گئی اور 5 جولائی 1977 کو جنرل محمد ضیا الحق نے ملک میں مارشل لا نافذ کرکے انہیں قید کرلیا۔ 4 اپریل 1979 کو انہیں نواب محمد احمد خان کے قتل کے الزام میں راولپنڈی جیل میں پھانسی دے دی گئی۔

پیپلزپارٹی کے رہنماؤں، کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد گڑھی خدا بخش میں ان کے مزار پر فاتحہ خوانی کررہے ہیں، اس کے علاوہ ذوالفقار علی بھٹو کی یاد میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ملک بھر میں تقاریب منعقد کی جارہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں