ایک ٹرافی 6 دعویدار کس کا چلے گا وار ختم ہوا انتظار

پی ایس ایل 6 کا میلہ آج سے سجے گا،نیشنل اسٹیڈیم میں غیرروایتی افتتاحی تقریب، ٹیکنالوجی کی مدد سے رنگ بکھیرے جائیں گے۔


Sports Reporter February 20, 2021
پی ایس ایل 6 کا میلہ آج سے سجے گا،نیشنل اسٹیڈیم میں غیرروایتی افتتاحی تقریب، ٹیکنالوجی کی مدد سے رنگ بکھیرے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

ایک ٹرافی 6 دعویدار،کس کا چلے گا وار،ختم ہوا انتظار، پلیئرز مقابلے کیلیے تیار، پی ایس ایل 6 کا میلہ آج سے سجے گا۔

پی ایس ایل 6 کا ہفتے سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آغاز ہورہا ہے،کورونا کی وجہ سے روایتی افتتاحی تقریب نہیں ہوگی مگرشام 6.45 پر ٹیکنالوجی کی مدد سے میدان میں رنگ بکھیرے جائیں گے، انھیں دنیا کے مختلف ملکوں میں بیٹھے شائقین بھی اپنے ٹی وی سیٹس کے سامنے بیٹھ کر دیکھ سکیں گے۔

اس شو میں معروف گلوکار عاطف اسلم، حمیمہ ملک، عمران خان، نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز فن کا مظاہرہ کریں گے، پروگرام کا کچھ حصہ ترکی میں ریکارڈ کیا گیا ہے،تقریب دکھانے کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی،بعد ازاں ایونٹ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں رات 8 بجے مقابل آئیں گی۔

میزبان ٹیم کے کپتان عماد وسیم کو بابر اعظم، شرجیل خان، کولن انگرام اور محمد عامر کی خدمات حاصل ہیں،2019 کی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز گذشتہ سال کی ناکامیوں کا ازالہ کرنے کا عزم لیے فاتحانہ آغاز کرنا چاہے گی،سرفراز احمد کی قیادت میں کرس گیل، ٹام بینٹن، قیس احمد اور زاہد محمود دھوم مچانے کیلیے بے تاب ہیں۔

مجموعی طور پر6ٹیمیں چمچماتی ٹرافی اور 8 کروڑ روپے کی انعامی رقم کیلیے برسر پیکار نظر آئیں گی، ایونٹ میں مجموعی طور پر11 کروڑ20 لاکھ روپے کی رقم تقسیم ہوگی۔ دوسری جانب چیف کیوریٹر آغا زاہد کی زیر نگرانی پچز کی تیاری کا کام بھی مکمل ہو گیا ہے۔

اسٹیڈیم کو کھلاڑیوں کی بڑی تصاویر سے سجایا گیا ہے، محدود تعداد میں شائقین کی آمد سے بھی میدان میں تالیوں، نعروں اور باجوں کا شور سنائی دے گا، رضا کاروں کا ایک خصوصی گروپ مختلف انکلوژرز میں تماشائیوں کو نشستوں پر بٹھانے اور ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کی ذمہ داری ادا کرے گا، ماسٹر کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے اسٹیڈیم اور اطراف کی مسلسل نگرانی ہورہی ہے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے ہم پی ایس ایل کو صرف 2وینیوز پر کروانے اور تماشائیوں کی تعداد محدود رکھنے پر مجبور ہوئے،بہرحال ایونٹ میں کرکٹ کا اعلیٰ معیار دیکھنے کو ملے گا، نہ صرف اسٹیڈیمز میں آنے کا موقع پانے والے تماشائی بلکہ دنیا کے مختلف ملکوں میں ٹی وی اور ڈیجیٹل میڈیا پر بھی شائقین شاندار مقابلوں سے لطف اندوز ہوں گے، پاکستان کا یہ برانڈ دنیا بھر میں پہچانا جارہا ہے، آگے چل کر مزید بہتر ہوتا جائے گا۔

چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا کہ محدود تعداد میں شائقین کی موجودگی بھی ماحول کو پْرجوش بناتے ہوئے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرے گی،پی ایس ایل تیزی کے ساتھ ترقی کی منازل طے کررہی ہے، 50غیر ملکی کرکٹرز ایکشن میں ہوں گے، رواں سال اکتوبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے اور سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کا بھرپورموقع ملے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں