ن لیگی امیدوار کی حمایت کرنے پر پرویز خٹک کے بھائی صوبائی کابینہ سے فارغ

لیاقت خٹک اور ان کے خاندان نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کے خلاف کام کیا، معاون خصوصی اطلاعات


ویب ڈیسک February 20, 2021
وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے مشاورت کی اوران کی ۔ منظوری سے لیاقت خٹک کو وزارت سے فارغ کردیا

ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے ساتھ تعاون کرنے پر وزیردفاع پرویز خٹک کے بھائی کو صوبائی کابینہ سے فارغ کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت کرنے پر وزیردفاع پرویز خٹک کے بھائی صوبائی وزیر لیاقت خٹک کو کابینہ سے فارغ کردیا گیا ہے، اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد پارٹی قواعد اور ڈسپلن کی خلاف ورزی پر وزیراعلٰی خیبرپختون خواہ محمود خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے پی کے 63 الیکشن میں اپوزیشن کے امیدوار کی مدد کرنے پر صوبائی وزیر لیاقت خٹک کو کابینہ سے فارغ کردیا ہے۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا نوشہرہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست پرسخت نوٹس

صوبائی معاون خصوصی اطلاعات کامران بنگش نے اس حوالے سے کہا ہے کہ اپنے ہی گراتے ہیں نشمین پر بجلیاں،نوشہرہ ضمنی انتخابات میں صوبائی وزیر لیاقت خٹک نے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کو سپورٹ کیا، وزیراعلیٰ محمودخان نے رپورٹ طلب کی تو واضح ہوا کہ لیاقت خٹک اور ان کے خاندان نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کے خلاف کام کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے مشاورت کی اوران کی منظوری سے لیاقت خٹک کو وزارت سے فارغ کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی کے 63 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اختیار ولی نے کامیابی سمیٹی تھی، پارٹی قیادت نے ضمنی انتخاب میں لیاقت خٹک کی جانب سے مسلم لیگ ن کے امیدوارکی حمایت کا نوٹس لیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں