سینیٹ الیکشن سے متعلق ٹریبونل قائم، فیصل واوڈا اور پلوشہ زئی کے کاغذات کی منظوری چیلنج

کورٹ رپورٹر  ہفتہ 20 فروری 2021
حقائق چھپانے کے باوجود ریٹرننگ افسر نے فیصل واوڈا کے کاغذات منظور کرلیے، فیصل کو نااہل قرار دیا جائے، درخواست گزار (فوٹو : فائل)

حقائق چھپانے کے باوجود ریٹرننگ افسر نے فیصل واوڈا کے کاغذات منظور کرلیے، فیصل کو نااہل قرار دیا جائے، درخواست گزار (فوٹو : فائل)

 کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سینیٹ الیکشن سے متعلق ٹریبونل تشکیل دے دیا، ٹریبونل میں الیکشن کمیشن اور فیصل واوڈا کے خلاف اپیلیں دائر کردی گئیں جن کی سماعت پیر کو ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے سینیٹ الیکشن ٹریبونل تشکیل دے دیا جس میں جسٹس آغا فیصل پیر سے سینیٹ الیکشن سے متعلق کاغذات منظور یا مسترد کرنے کے ضمن میں اپیلوں کی سماعت کریں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے اور کاغذات منظور کیے جانے کے لیے قادر خان مندوخیل نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف ٹریبونل میں اپیل دائر کردی۔ دائر اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت سے متعلق حقائق چھپائے، ریٹرننگ افسر کے سامنے اعتراضات رکھے لیکن انہوں نے سننے سے انکار کردیا۔

یہ پڑھیں : فیصل واوڈا کے کاغذات قانون کے مطابق منظور کیے، الیکشن کمیشن سندھ

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر کا اقدام غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، فیصل واوڈا حقائق چھپانے پر عوامی عہدے کے لیے نااہل ہے اس لیے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں اور انہیں سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔

ایم کیو ایم امیدوار کی درخواست مسترد ہونے کے خلاف اپیل

دوسری اپیل ایم کیو ایم کے سینیٹ امیدوار خضر عسکری زیدی نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف دائر کی جس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے ٹیکنو کریٹ کی نشست پر کاغذات مسترد کردیئے تھے، میرے کاغذات کی جانچ پڑتال درست نہیں ہوئی، میرے کاغذات کی جانچ پڑتال کرکے کاغذات منظور کیے جائیں۔

پلوشہ محمد زئی جان کے کاغذات نامزدگی چیلنج

الیکشن ٹریبونل میں پلوشہ محمد زئی جان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری چیلنج کردی گئی۔ سندھ انڈس لائرز فورم کے رہنما عاقب راجپر، خلیل الرحمٰن انصاری، حسیب اللہ ایڈوکیٹ نے درخواست میں کہا ہے کہ پلوشہ خان نے پنجاب سے راتوں رات اپنا ووٹ کراچی منتقل کرایا، ووٹ کی منتقلی آئین کے آرٹیکل 220 اور 226 کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست گزاروں نے مزید کہا کہ پلوشہ خان کراچی کی رہائشی نہیں، الیکشن کمیشن نے ہمارے اعتراضات سنے بغیر درخواست کو مسترد کردیا، استدعا ہے کہ پلوشہ جان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔